کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 295
مولانا ابو الحسنات عبد الغفور فارغؔ دانا پوری
(وفات: ۸ ذی الحجہ ۱۳۳۳ھ/ اکتوبر ۱۹۱۵ء)
مولانا ابو الحسنات عبد الغفور فارغ دانا پوری اپنے عصر کے مشہور اہلِ حدیث عالم و مدرس، واعظ و مبلغ، اور مصنف و مترجم تھے۔ مولانا ابو الحسنات عبد الغفور حدیث، فقہ و تفسیر کے جید عالمِ دین اور اصنافِ ادب پر عبور رکھتے تھے۔
ابتدائی حالات اور اساتذۂ علم:
مولانا عبد الغفور کے ابتدائی حالات سے آگاہی نہیں ہوتی نہ ان کے سنِ ولادت پر اطلاع ہو سکی۔ انھوں نے ابتدائی تعلیم مولانا الٰہی بخش بڑاکری بہاری سے حاصل کی۔ کتبِ درسیہ کی تکمیل ’’مدرسہ دارالحدیث‘‘ ناریل گھاٹ دانا پور میں مولانا فیض اللہ مؤی اعظم گڑھی سے کی۔ داناپور میں مولانا فیض اللہ مؤی سے کسبِ علم کے دوران میں مولانا کے رفقائے درس میں مولانا ابو المکارم محمد علی مؤی اور مولانا محمد شفیع اعظم گڑھی (بانی مدرسۃ الاصلاح سرائے میر) شامل تھے۔ ان دونوں حضرات کے ساتھ مولانا کو پوری زندگی انتہائی قلبی تعلق رہا۔
دانا پور میں مولانا فیض اللہ سے کسبِ علم کے بعد اعلیٰ تعلیم و سند کے حصول کی غرض سے دہلی تشریف لے گئے، جہاں کتبِ حدیث و تفسیر کی تحصیل سیّد میاں نذیر حسین محدث دہلوی سے کی۔مولانا کے وہ دونوں رفقائے درس بھی شیخ الکل سیّد نذیر حسین کے تلمیذِ رشید تھے۔ ممکن ہے کہ دہلی میں بھی ان حضرات کی رفاقت نصیب ہوئی ہو۔ واللّٰه أعلم
تدریس:
مولانا عبد الغفور نے تکمیلِ علم کے بعد خود کو خدمتِ علمِ دین کے لیے وقف کر دیا۔ مولانا اپنے