کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 286
مولانا ابو المجد عبدالصمد داناپوری (وفات: ۱۳۱۸ھ) مولانا حکیم ابو المجد عبدالصمد بن فتح علی بن فرحت حسین اوگانوی ثم داناپوری اپنے عصر کے جید اہلِ حدیث عالم اور مبلغ و مدرس تھے۔ اپنے عہد کے بڑے متحرک عالم تھے۔ دینی نظامِ تعلیم کی اصلاح سے بھی انھیں خصوصی دلچسپی تھی اور اس ضمن میں مولانا ابو محمد ابراہیم آروی کی تحریک سے منسلک تھے۔ مولانا کو اپنے عہد کے کبار اہلِ حدیث علما سے شرفِ مصاحبت حاصل رہی تھی۔ خاندانی پسِ منظر: مشہور روایات کے مطابق مولانا خانوادۂ سادات کے ایک معزز رکن تھے۔ سلسلۂ نسب دستیاب نہ ہو سکا، ان کے آباء و اجداد عراواں لکھی سرائے (ضلع مونگیر) کے رہنے والے تھے۔ شاہ فرحت حسین کی شادی بہار شریف سے پانچ کوس پورب ایک اوگانواں میں ہوئی، جس کے بعد انھوں نے اوگانواں ہی میں اقامت اختیار کر لی۔ ولادت و طفولیت: مولانا حکیم عبدالصمد کی ولادت ۱۲۷۷ھ کو اوگانواں میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم گھر ہی پر حاصل کی۔ چند دن بہار شریف میں بھی پڑھتے رہے۔ تحصیلِ علم: مولانا نے بعض کتبِ درسیہ ’’خانقاہ عمادیہ‘‘ (پٹنہ) میں شاہ امیر الحق عمادی اور ان کے صاحبزادے شاہ رشید الحق عمادی سے پڑھیں ۔ معقولات کی کتابیں حسین آباد (مونگیر) میں ایک شیعی عالم مرتضیٰ حسین صاحب سے پڑھیں ۔