کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 282
مولانا عبد الصمد کا تعلق موجودہ ضلع نالندہ ہی کے ایک گاؤں اوگانواں سے تھا، مگر انھوں نے اپنی تدریسی و علمی جدو جہد کا مرکز دانا پور کو بنایا اور یہیں مقیم ہوگئے۔ چنانچہ ’’دانا پوری‘‘ کی صفتِ نسبتی ان کے نام کا جزو بن گئی۔ اعظم گڑھ کے مشہور اہلِ حدیث عالم مولانا فیض اللہ مؤی (م ۱۳۰۶ھ) نے ایک طویل عرصہ تک مدرسہ دانا پور محلہ ناریل گھاٹ میں فرائضِ تدریس انجام دیے۔ ان سے متعدد علما نے استفادہ کیا۔ دانا پور کی دوسری اہم درس گاہ ’’مدرسہ رحمانیہ‘‘ محلہ سلطان پور میں واقع تھی۔ جہاں مولانا عبد الصمد دانا پوری، مولانا ابو المعالی محمد علی مؤی، مولانا مولا بخش بڑاکری بہاری وغیرہم نے درس و تدریس کی مجلس آراستہ کی۔