کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 25
راقم کی خواہش پر کتاب پر مختصر مگر جامع تعارف لکھا، جس کے لیے صمیمِ قلب سے ان کا شکر گزار ہوں ۔ میں اپنے بعض معاصر بزرگ اور چند ہم عصر دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں جنھوں نے مواد کی فراہمی و یکجائی میں میری معاونت کی اور مجھے ولولۂ تازہ عطا کیا، یعنی: جناب حافظ احمد شاکر (دار الدعوۃ السلفیہ، لاہور) جناب ضیاء اﷲ کھوکھر (گوجرانوالہ)، جناب سید قیام الدین نظامی (کراچی)، جناب عبدالوہاب بن محمود سورتی (سورت، گجرات، ہند) اور جناب محمد زبیر (بیدلؔ لائبریری، کراچی)، جناب حافظ عبداﷲ صدیق صاحب (دار ابی الطیب۔ گوجرانوالہ)۔ ناسپاسی ہو گی اگر اپنے مخلص رفیق حافظ شاہد رفیق (فاضل مدینہ یونیورسٹی) کا شکریہ ادا نہ کروں ، جنھوں نے مختلف مواقع پر میری معاونت کی، مواد کی فراہمی کے لیے میرے ساتھ کئی مقامات کے سفر کی مشقت بھی اٹھائی اور میری خواہش پر از خود بھی زحمت گوارا کر کے مجھے آسانیاں بہم پہنچائیں ۔ تکمیلِ کتاب کے بعد اپنی ہی کتاب کو بار بار پڑھنا اور کمپوزنگ کی اغلاط سے محفوظ رکھنے کے لیے اس کی حروف خوانی کرنا میرے لیے ہمیشہ سے سوہانِ روح رہا ہے، یہ بار بھی انھوں نے نہایت خوش دلی سے اٹھایا اور بکمالِ احسن اس فریضے کو انجام دیا۔ سلسلہ ’’دبستانِ نذیریہ‘‘ (تلامذہ سید میاں نذیر حسین محدث دہلوی رحمہ اللہ ) کی یہ پہلی جلد ہے، جو صرف ہندوستان کے دو صوبوں بہار اور جھاڑ کھنڈ کے اضلاع پر مشتمل ہے۔ کتاب کی تکمیل کتنی جلدوں میں ہو گی، اس پر پہلے بھی کئی تخمینے لگائے گئے ہیں اور جذبہ شوقِ تفحص نے منزلِ مراد کو کئی مرتبہ اپنے مقام سے بڑھایا ہے۔ اس لیے سرِدست کچھ کہنا مشکل ہے۔ اگر متعلقہ احباب اور اہلِ علم اس دینی و علمی خدمت میں معاونت کی زحمت گوارا فرمائیں تو پھر دیکھیے اندازِ گل افشانی گفتار رکھ دے کوئی پیمانہ صہبا مرے آگے والسلام مع الاکرام محمد تنزیل الصدیقی الحسینی ۲۶ نومبر ۲۰۱۷ء mtanzeel44@gmail.com