کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 227
مولانا شاہ عین الحق جعفری پھلواروی
(وفات: ۱۱ جمادی الاخریٰ ۱۳۳۳ھ/ مئی ۱۹۱۵ء)
مولانا شاہ عین الحق جعفری پھلواروی دیارِ ہند میں مسلک عمل بالحدیث سے وابستہ اکابرِ علم میں سے ایک تھے۔ مولانا کے تگ و تازِ حیات کی سب سے اہم مساعی شرک و بدعت کی سختی سے تردید اور بدعات و محدثات سے اجتناب تھا۔ مولانا کا خاندان کئی صدیوں سے نظامِ خانقاہی سے منسلک تھا۔ تصوف کے مروجہ رسوم و آداب یہاں بھی نافذ العمل تھے۔ مولانا کم عمری ہی میں داغِ یتیمی سے آشنا ہوئے۔ پندرہ برس کی عمر میں خانقاہِ مجیبیہ کے سجادۂ نشیں بنائے گئے، مگر اپنے فطری رجحانات اور کتاب و سنت سے اپنے غیرمعمولی تعلق کی بنا پر مولانا کے لیے مسندِ سجادگی پر متمکن رہنا غیر ممکن ہو گیا، بالآخر سات برس بعد ۲۲ برس کی عمر میں تمام تر مخالفتوں کے باوجود صرف رضائے الٰہی کی خاطر سجادگی ترک کر دی۔ شاہ عین الحق پھلواروی نے رجوع الی الحق کی خاطر ایک آسان اور پر آسایش زندگی کو ترک کر کے نسبتاً مشکل اور پر از عزیمت زندگی اختیار کی اور بقیہ زندگی اسی استقامت کے ساتھ گزار دی۔ رحمہ اللّٰه رحمۃ واسعۃ۔
سلسلۂ نسب:
مولانا ددھیال اور ننھیال دونوں جانب سے نسباً جعفری ہاشمی ہیں ۔ مختصر سلسلۂ نسب حسبِ ذیل ہے:
’’مولانا شاہ عین الحق بن شاہ علی حبیب نصر بن شاہ ابو الحسن فرد بن شاہ نعمت اللہ بن شاہ مجیب اللہ جعفری پھلواروی۔
شاہ ابو الحسن فردؔ پھلواروی:
شاہ ابو الحسن فردؔ ۱۰ رجب ۱۱۹۱ھ کو پھلواری میں پیدا ہوئے۔ مولانا احمدی پھلواروی سے