کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 209
مولانا ابو محمد عبد الرؤف مہدانوی
(وفات: ۱۳۳۷ھ/ ۱۹۱۹ء)
مولانا ابو محمد عبد الروف بن اشرف حسین بن قاضی واحد علی جعفری مہدانوی اپنے عصر کے جید عالمِ دین تھے۔ ابتدائی تعلیم مہدانواں میں پائی۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اپنے چچا زاد بھائی مولانا عبد الغفار نشر مہدانوی اور اپنے دوست مولانا حکیم محمد شریف فخر مہدانوی کے ہمراہ دہلی تشریف لے گئے، جہاں شیخ الکل السیّد الامام نذیر حسین محدث دہلوی سے کتبِ حدیث و تفسیر پڑھیں ۔ ۱۲۹۵ھ میں تکمیلِ علم کی سعادت حاصل ہوئی اور اپنے وطن مہدانواں واپس تشریف لائے۔
مولانا کے تفصیلی حالات نہیں ملتے۔ ان کی علمی و دینی خدمات سے بھی آگاہی نہیں ہو سکی۔ اللہ نے انھیں پانچ بیٹیاں عطا کی تھیں ۔ فرزندِ نرینہ سے محروم تھے۔ اس لیے صلبی سلسلہ بھی جاری نہ ہو سکا۔ مولانا کی وفات ۱۳۳۷ھ بمطابق اگست ۱۹۱۹ء میں ہوئی۔[1]
[1] مولانا ابو محمد عبد الرؤف مہدانوی کے حالات کے لیے ملاحظہ ہو: ’’کلیاتِ فخر‘‘ (ص: ۲۹۸)، ’’تذکرہ مہدانواں ‘‘ (ص: ۱۲)، ’’تذکرہ علمائے بہار‘‘ (۲/۱۸۳)