کتاب: دبستان نذیریہ - صفحہ 183
مولانا نذیر الدین حسین نگرنہسوی
مولانا نذیر الدین حسین بن مولانا واعظ الدین حسین بن مولانا تصدق حسین خلاقؔ انصاری نگرنہسوی، سابق الذکر علامہ علیم الدین حسین کے حقیقی بھتیجے تھے۔ مولانا واعظ الدین حسین کو اللہ نے چار صاحبزادے عطا کیے: بیرسٹر نصیر الدین نصیر، تقی الدین حسین، مولانا نذیر الدین حسین اور مولوی ذکی الدین۔
مولانا نذیر الدین حسین کے تفصیلی حالات نہیں ملتے۔ مولانا عبد الرحیم صادق پوری لکھتے ہیں :
’’مولوی نذیر الدین حسین آپ نے علوم آبائی میں فراغ حاصل کیا۔ اس کے بعد دہلی خدمت میں جناب شیخ المحدثین شمس العلماء مولانا سیّد محمد نذیر حسین صاحب دامت شموس انوار علمہ علیٰ روس الثقلین کی چند سال حاضر رہ کر علمِ حدیث علیٰ وجہ الکمال حاصل کیا اور سند حدیث کی لی۔ آپ عالم با عمل صوفی صافی ہیں ۔ شریعت و طریقت دونوں سے آپ کو الفت و محبت ہے اور ہر دو کے سالک، جزاہ اللّٰه عنا و عن سائر المسلمین خیرا۔‘‘[1]
[1] الدر المنثور في تراجم أہل الصادق فور (ص: ۳۷۳)