کتاب: شرح لمعۃ الاعتقاد دائمی عقیدہ - صفحہ 7
کتاب: شرح لمعۃ الاعتقاد دائمی عقیدہ
مصنف: امام ابو محمد عبد اللہ بن احمد بن محمد ابن قدامہ
پبلیشر: مکتبہ الفرقان
ترجمہ: ابو یحیٰی محمد زکریا زاہد
عرضِ ناشر
’’دائمی عقیدہ‘‘ امام ابن قدامہ رحمہ اللہ کی مشہور و معروف کتاب ’’لمعۃ الاعتقاد‘‘کی شرح کا اُردو ترجمہ ہے۔ یہ عقائد کی سر فہرست کتابوں میں سے ایک ہے۔ عقیدہ اسلام کی بنیادی اکائی ہے۔ تمام عبادات اس کے ساتھ منسلک ہیں۔ عقیدہ درست ہے تو عبادات بھی فائدہ دیں گی بصورتِ دیگر نیک اعمال بھی ضائع ہو جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا قرآن کریم میں ارشاد ہے:
﴿وَ لَوْ اَشْرَکُوْا لَحَبِطَ عَنْہُمْ مَّا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ﴾ (الانعام: ۸۸)
’’اور اگر یہ لوگ شریک بناتے تو یقینا ان سے ضائع ہو جاتا جو کچھ وہ کیا کرتے تھے۔‘‘
جب جب گمراہیوں کے اندھیرے بڑھے اور ان کے باطل عقائد نے لوگوں کو راہِ حق سے بھٹکایا تو ایسے عالم میں اللہ رب العزت نے اپنے خاص بندوں کو ان کے آگے بند باندھنے کے لیے کھڑا کر دیا۔ ان علماء نے صحیح عقیدے کی طرف راہنمائی کے لیے کتب تالیف کیں جن میں ان باطل عقائد کا ردّ اور صحیح عقیدے کا بیان ہوتا۔ یہ معرکہ حق و باطل آج تک جاری و ساری ہے۔ ہر مسلمان پر واجب ہے کہ وہ درست راہ اختیار کرتے ہوئے صحیح عقیدے کو ہی اختیار کرے اور باقی عقائد کو چھوڑ دے۔
امت مسلمہ کا نصب العین عقیدہ توحید ہے۔ سعودی عرب اسی عقیدہ کی وجہ سے ترقی کر رہا ہے۔ پاکستان جن مشکلات میں اس وقت گھرا ہوا ہے اس کا باعث عقیدہ توحید میں خامی ہی ہے۔ علماء اور سیاستدانوں کے لیے یہ کوئی مسئلہ ہی نہیں۔ لیکن سارا مسئلہ یہی ہے۔ جس دن پاکستان نے اس پر توجہ دی اسی دن دہشت گردی سے لے کر تمام مسائل حل ہو جائیں