کتاب: چند بدعات اور ان کا تعارف - صفحہ 15
بدعت ہر وہ کام ہے جسے دین وثواب کا کام سمجھ کر کیا جائے حالانکہ صحیح روایات سے اس کا کوئی سراغ رسولُ اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کے دور میں نہ ملتا ہو اور منکر کا دائرہ بدعت سے وسیع تر ہے کیونکہ ہر بدعت منکر ہے اور ہر وہ برائی بھی منکر ہے جسے انسان بالعموم بُرا جانتے ہیں، ہمیشہ اسے بُرا کہتے رہے ہیں اور تمام شرائع الٰہیہ نے اُس سے منع کیا ہے۔نیز ہر وہ کام منکر ہے جس سے اﷲو رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہو۔بدعات و منکرات کا نفوذ بہت گہرائی تک ہو چکا ہے اور ان کا دائرہ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ اس کا احاطہ و استقصاء نا ممکنات میں سے ہوگیا ہے۔ اﷲتعالیٰ ہم سب کو دین کا شعور عطا کرے اور بدعات و منکرات سے محفوظ رکھے اور اتباع سنت کی توفیق دے۔
(اَللّٰھُمَّ اَرِنَا الْحَقَّ وَارْزُقْنَا اِتِّبَاعَہٗ وَاَرِنَا الْبَاطِلَ بَاطِلاً وَارْزُقْنَا اجْتِنَابَہٗ)
والسلام
عبدالسلام رحمانی
(دہلی)