کتاب: چند بدعات اور ان کا تعارف - صفحہ 11
عرضِ مؤلِّف
اِنَّ الْحَمْدَ لِلّٰہِ وَالصَّلوٰۃُ وَالسَّلَامُ عَلیٰ رَسُوْلِ اللّٰہِ،اَمَّا بَعْدُ
بدعت کے موضوع پر اس کتاب میں خاصی بڑی تعداد میں بدعات،ان کا تعارف اور ان کا رد عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے اور اس کی غرض و غایت صرف یہ ہے کہ عوام بدعات سے آگاہ ہوں، دین کی سمجھ حاصل کریں سنت و بدعت میں فرق کریں پھر بدعات سے اجتناب کرتے ہوئے سنتوں پر عمل پیرا ہوں ۔ میرا مدعائے تحریر یہ ہے کہ خصوصاََ سنی حضرات اس کتاب سے رہنمائی حاصل کر یں اور وہی میرے حقیقی مخاطَب ہیں ۔
میں نے حتی الامکان یہ کوشش کی ہے کہ دورانِ تحریر اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار کم از کم کروں اور قرآن و حدیث کی نصوصِ قطعیہ کو بطورِ حجت و براہین زیادہ سے زیادہ پیش کروں کیونکہ اصل دین قرآن و حدیث ہی ہیں ۔ ان کے علاوہ جو کچھ ہے وہ ایک علم کے اعتبار سے لائق توجہ تو ہے ، لیکن عمل کیلئے کسی بھی طور پر لائقِ اعتناء و قابل ِ التفات نہیں ہے۔ اسی نکتہ کی وضاحت میں نے اس کتاب میں بار بار کی ہے۔
حق تعالیٰ کے حضور دست بدعا ہوں کہ وہ میری اس کتاب کو میرے دور جاہلیت (یعنی بریلویت) کا کفّارہ بنا دے، اسے قبولیت خاص و عام عطا فرمائے، اور میرے حق میں اس کو صدقۂ جاریہ بنادے۔
{رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْم} آمین یا رب العالمین
عبدہ ٗالاحقر/
سعید بن عزیز یوسف زئی
مدّرس جامعہ ستاریہ اسلامیہ
گلشن اقبال کراچی