کتاب: برھان التفاسیر لإصلاح سلطان التفاسیر - صفحہ 28
صاحب سے ان کے دیرینہ، گہرے اور دوستانہ مراسم ہیں، مولانا مستقیم صاحب نے جناب محمدی صاحب کو بتایا کہ انھوں نے ’’اہل حدیث امرتسر‘‘ کی پرانی فائلوں سے تلاش کر کے شیخ الاسلام مولانا امرتسری رحمۃ اللہ علیہ کی تفسیر ’’برہان التفاسیر بجواب سلطان التفاسیر‘‘ کی اکیاسی (81) اقساط جمع کر لی ہیں، محترم عارف جاوید صاحب چونکہ سلف صالحین کے علمی جواہر پارے جمع کرنے کے بے حد مشتاق اور اسلاف کی علمی کاوشوں کی سراغرسانی اور ٹوہ میں لگے رہتے ہیں، مولانا مستقیم صاحب کی اس کاوش پر عش عش کر اٹھے اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کی سی ڈی (C.D) انھیں ارسال کریں تو مولانا نے وہ سی ڈی ان کو ارسال کی۔ محترم عارف صاحب نے جب اس کی اطلاع اہل علم کے انتہائی قدردان اور خدمت انسانی کے علمبردار اور سلف صالحین کی علمی تراث کے احیاء کے لیے غایت درجہ حریص ذی وقار شخصیت جناب ابو خالد فلاح خالد المطیری حفظہ اللہ (رئیس لجنۃ القارۃ الہندیۃ۔ کویت) کو دی تو انھوں نے فوراً اس کی طباعت و اشاعت پر موافقت فرمائی تو محترم عارف جاوید صاحب نے مولانا محمد مستقیم صاحب سے اس کی کمپوزنگ کے لیے درخواست کی۔ اس طرح مولانا مستقیم صاحب نے مؤقر جریدہ اہل حدیث امرتسر کے تابندہ صفحات میں بکھرے ہوئے علمی گلہائے رنگارنگ کا ایک شاندار گلدستہ سجا کر قارئین کرام کی خدمت میں پیش کر دیا ہے۔ اﷲ تعالیٰ تمام اہل علم اور متلاشیانِ حق کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے اور اس کار خیر میں کسی طرح سے بھی حصہ ڈالنے اور تعاون کرنے والوں کو بہترین جزا سے نوازے اور مؤلف رحمۃ اللہ علیہ سمیت سبھی کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین خادم العلم والعلما عبدالخالق محمد صادق۔ کویت۔ 11/4/ 2011ء