کتاب: بیماریاں اور ان کا علاج مع طب نبوی - صفحہ 54
بغل کی بدبو کا علاج
جامن کی چھال اور پتّوں کے جوشاندہ سے بغل دھو کر سیم کی پتیاں پیس کر بغل میں لگائیں۔روزانہ صابن سے یا پانی میں ڈیٹول کے چند قطرے ڈال کر بغل دھوئیں صبح و شام۔ عموماً یہ بدبوگندے بنیان استعمال کرنے سے ہوتی ہے۔ بغلیں صاف رکھیں اور بنیان2 دن سے زیادہ استعمال نہ کریں۔کبھی بھی بدبو نہیں آئے گی۔ اِنْ شَائَ اللّٰہُ الْعَزِیْزُ
اس کے علاوہ کوئی خوشبو یا پاؤڈر استعمال کریں۔
بغیر چھنے آٹے سے علاج
سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے کسی نے پوچھا کہ کیا رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی میدہ کی روٹی بھی کھائی ہے؟ انہوں نے جواب دیا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں چھلنیاں نہیں تھیں اسلئے آٹے میں پھونک مار لیا کرتے۔ موٹے موٹے تنکے اڑ جاتے تھے، باقی گوندھ لیتے تھے۔ (شمائل ترمذی)
1. آٹے کی بھوسی ( Fibre) جسے چھان بھی کہتے ہیں خون میں کو لسٹرول کے بڑھنے کو روکتا ہے۔ اس سے خون گاڑھا نہیں ہوتا۔ چھان میں ایسے اجزا موجود ہیں جو دل کی نالیوں کے سکڑاؤ کو کم کرتے ہیں حتیٰ کہ دل کی نالیاں چھان کے روزانہ استعمال سے زیادہ سے زیادہ خون لینے کی طاقت حاصل کر لیتی ہیں۔ قدرتی آٹے میں مزید بھوسی (جو بازار میں ملتی ہے) تقریباً 3 فیصد ملا دیں۔
2. چھان کی کمی کی و جہ سے تقریباً ہر دوسرا شخص معدہ کا مریض ہے گیس، تبخیر، دائمی قبض کی بنیادی و جہ چھان کی کمی ہے بغیر چھنا آٹا استعمال کریں۔بغیر چھنا آٹا(100% whole wheat) آنتوں کی حرکات کو جسمانی ضرورت کے مطابق بڑھا دیتا ہے۔ جس سے آنتوں کی خشکی ختم ہو کر دائمی قبض ختم ہو جاتا ہے۔
3. اگر چھان کو ابال کر اس کا جوشاندہ پیا جائے تو یہ کھانسی، دائمی نزلہ، زکام، دمہ اور معدہ کی تبخیر اور گیس کیلئے بہت مفید اور آزمودہ ہے۔ میدہ کی روٹی نہ کھائیں۔