کتاب: بیماریاں اور ان کا علاج مع طب نبوی - صفحہ 244
لُو کا علاج اور احتیاط زیادہ گرمی میں 100% کاٹن کے سفیدکپڑے سے سر اور گردن ڈھانکیں، مرد سفید کاٹن کے رومال سے اور عورتیں سفید دوپٹہ سے۔ اسلئے کہ سفید رنگ میں سورج کی کرنیں سب سے کم جذب ہوتی ہیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:۔ 1. ’’سفید کپڑے پہنو اور اپنے مُردوں کو بھی سفید کفن دو‘‘ (ترمذی) احرام بھی سفید ہوتا ہے۔ 2. اگر لُو لگ جائے تو ایک گلاس پانی میں 2 چمچہ شہد ملا کر فوراً پی لیں۔ یہ عمل ہر 2 گھنٹہ بعد کریں۔ 3. لُو کے زمانہ میں چھوٹی پیاز اپنے ساتھ جیب میں رکھیں۔ مگر نماز کے وقت جسم سے الگ کر دیں۔ روزانہ پیاز بھی کھائیں مگر نماز کے بعد۔ 4. پیاز کے رس کے قطرے ناک میں ڈالنے سے آرام آجاتا ہے۔ 5. تلسی کے پتوں کا رس شکر میں ملا کر پینے سے آرام آجاتا ہے ۔ ٭ احتیاط :۔1. سخت گرمی اور لُو میں2 گلاس پانی ضرور پی کر گھر سے نکلیں اور عام دنوں میں بھی یہی عادت اپنائیں تو بہت ہی اچھی ہے اور ہرگھنٹہ بعد ایک گلاس پانی پئیں۔2. نہا کر یا سر دھو کر فوری طور پر پنکھے کے نیچے نہ جائیں اور نہ ہی دھوپ میں جائیں۔ 3. دھوپ سے آکر فوراً مت نہائیے۔  4. گرمی اور لُو کے موسم میں اپنی غذا میں سلاد اور کچی سبزیوں کا استعمال بڑھالیں۔ 5. دہی،سرکہ یا لیموں کے عرق میں پیاز ملا کر گرمی کے دنوں میں کھائیں۔ 6. گرمی میں باہر سے آکر فوراً ٹھنڈا پانی نہ پئیں۔ 7. گرمی کے موسم میں ’’ستو‘‘ کا استعمال فائدہ مند ہے۔ 8. لُوسے بچاؤ کے لئے خربوزہ کااستعمال کریں اگر سرسام (دماغی بیماری) ہوجائے تو انناس کا گودہ عرق گلاب میں پیس کر سر پر لیپ کریں۔ 9. ترجیحاً سفید (اگر نہ ہو تو رنگین) چھتری استعمال کریں۔ 10. گرمی میں کالے اور گہرے رنگ کے کپڑے نہ پہنیں ، دھوپ کا چشمہ ترجیحاً ہرے رنگ کا استعمال کریں۔