کتاب: بیماریاں اور ان کا علاج مع طب نبوی - صفحہ 155
جو خواتین اپنا دودھ بچوں کو پلاتی ہیں وہ سینہ کے کینسر سے محفوظ رہتی ہیں۔ ٭ بعد نماز عصر سرسوں کے بیج بکری کے دودھ میں بھگوئیں عشاء کی نماز کے بعد پیس کر چہرہ پر ملنے سے چہرہ کے دھبے، جھائیاں اور حلقے دور ہو جاتے ہیں۔ کم از کم 11 دن لگاتار کریں۔ 6. دودھ پینے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا پڑھتے تھے : اَللّٰھُمَّ بَارِکْ لَنَا فِـیْـہِ وَ زِدْنَا مِـنْـہُ (ترجمہ)’’ اے اﷲ،اس میں ہمارے لئے برکت فرما اور اس سے زیادہ عطا فرما ۔‘‘(ابوداؤد) دست (اسہال)کا علاج 1. ایک شخص رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا،اس نے شکوہ کیا کہ میرے بھائی کے پیٹ میں تکلیف ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اسے شہد پلاؤ اس شخص نے اپنے بھائی کو شہد پلایا پھر وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور بتایا کہ میں نے اسے شہد پلایا لیکن شہد پلانے سے مزید دست آ رہے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے 3 بار شہد پلانے کے لئے فرمایا۔ پھر وہ چوتھی بار آیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اسے شہد پلاؤ اس نے کہا کہ میں نے شہد پلایا تھا لیکن پھر بھی کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ سچا ہے اور تیرے بھائی کا پیٹ جھوٹا ہے پھر اس شخص نے اس کو مزید شہد پلایا تو وہ (اس کے بعد) تندرست ہو گیا۔(بخاری ، مسلم) ﴿نوٹ :۔ دراصل شہد پہلے پیٹ صاف کرتا ہے اس وجہ سے دست آتے ہیں، پھر جب پیٹ صاف ہو جاتا ہے تو دست آنا بند ہو جاتے ہیں۔ 2. پیٹ کی مختلف تکالیف میں اسپغول کی بھوسی ایک چمچہ پانی کے ساتھ کم از کم 7 دن استعمال کریں۔ دن میں 2 بار۔