کتاب: بدعات سنت کے میزان میں - صفحہ 346
زبان سے نیت
لغوی معنی :
نیت کے لغوی معنی قصد و ارادہ کے ہیں ۔
اصطلاحی تعریف :
علامہ بیضاوی رحمہ اللہ (۶۸۵ھ) لکھتے ہیں :
اَلشَّرْعُ خَصَّصَہَا بِالْإِرَادَۃِ الْمُتَوَجِّہَۃِ نَحْوَ الْفِعْلِ ابْتِغَائً لِّوَجْہِ اللّٰہِ تَعَالٰی وَامْتِثَالًا لِّحُکْمِہٖ ۔
’’شریعت میں نیت کسی کام کے ارادے کا نام ہے، جس میں اللہ کی رضا اور اس کے حکم کی بجا آوری مقصود ہو۔‘‘
(تحفۃ الأبرار : 1/20)
علامہ کاسانی حنفی رحمہ اللہ (۵۸۷ھ) لکھتے ہیں :
اَلنِّیَّۃُ ہِيَ الْإِرَادَۃُ، فَنِیَّۃُ الصَّلَاۃِ ہِيَ إرَادَۃُ الصَّلَاۃِ لِلّٰہِ تَعَالٰی عَلَی الْخُلُوصِ، وَالْإِرَادَۃُ عَمَلُ الْقَلْبِ .
’’نیت ارادے کا نام ہے، لہٰذا نماز کی نیت یہ ہے کہ اللہ کے لیے خلوص دل سے نماز کا قصد کریں اورارادہ دل کا عمل ہے۔‘‘
(بدائع الصّنائع : 1/127)