کتاب: بدعت کتاب وسنت کی روشنی میں - صفحہ 1
کتاب: بدعت کتاب وسنت کی روشنی میں مصنف: محمدانور محمد قاسم سلفی پبلیشر: مرکز توعیۃ الحالیات،کویت ترجمہ: بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم اسلام ہی حقیقی دین ہے حقیقی دین صرف اسلام ہے :اﷲ رب العالمین کا ارشاد ہے : ﴿ إِنَّ الدِّیْنَ عِندَ اللّٰہِ الإِسْلاَمُ ﴾ (آل عمران :19)ترجمہ :بے شک دین برحق اﷲ کے نزدیک اسلام ہی ہے۔ نیز فرمایا: ﴿وَمَن یَبْتَغِ غَیْرَ الإِسْلاَمِ دِیْناً فَلَن یُقْبَلَ مِنْہُ وَہُوَ فِیْ الآخِرَۃِ مِنَ الْخَاسِرِیْنَ ﴾ ( آل عمران :85)ترجمہ :جو شخص اسلام کے علاوہ کوئی دوسرا دین چاہے گا، تو اس کی طرف سے قبول نہیں کیا جائے گااور وہ آخرت میں گھاٹا پانے والوں میں سے ہوگا۔ شریعت کے سر چشمے : اسلامی شریعت کے صرف دو سر چشمے ہیں : 1) کتاب اﷲ۔ 2) سنت رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم۔ دین مکمل ہے :جو شخص کتاب وسنت سے ثابت شدہ شریعت کے ہر معاملے میں گہرائی سے غور کرے گا تو یہ حقیقت اس پر عیاں ہوجائے گی کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی رسالت کی امانت کو کامل طریقے سے ادا فرمایا اور امت کی خیر خواہی بدرجہء اتم فرمائی اور دین کو ایسا واضح کر کے چھوڑا کہ اس کی رات کا پہلو بھی دن ہی کی طرح روشن ہے، اس کا انکار وہی شخص کرے گا جس کے دل میں ش\ک وشبہ کی بیماری ہو، کیونکہ اﷲ تعالیٰ نے دین کو ہر طریقہ واعتبار سے مکمل کردیاہے: ﴿ اَلْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الإِسْلاَمَ دِیْناً ﴾