کتاب: بدعت کا انسائکلوپیڈیا(قاموس البدع) - صفحہ 29
مقدمہ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، ہم اس کی حمد بیان کرتے ہیں، اسی سے مدد طلب کرتے ہیں اور اسی سے مغفرت کے طلب گار ہیں، ہم اپنے نفس کے شر اور برے اعمال سے اللہ کی پناہ چاہتے ہیں، اللہ تعالیٰ جسے ہدایت دے اسے کوئی گمراہ نہیں کرسکتا اور جسے وہ گمراہ کردے اسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ یکتا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) اس کے بندے اور رسول ہیں۔ ﴿یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ وَ لَا تَمُوْتُنَّ اِلَّا وَ اَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ﴾ (اٰل عمران:۱۰۲) ’’ایمان والو! اللہ سے ڈرو جیسا کہ اس سے ڈرنے کا حق ہے اور مرو تو صرف اس حالت میں کہ تم مسلمان ہو۔‘‘ ﴿یٰٓاَیُّہَا النَّاسُ اتَّقُوْا رَبَّکُمُ الَّذِیْ خَلَقَکُمْ مِّنْ نَّفْسٍ وَّاحِدَۃٍ وَّ خَلَقَ مِنْہَا زَوْجَہَا وَ بَثَّ مِنْہُمَا رِجَالًا کَثِیْرًا وَّ نِسَآئً وَ اتَّقُوا اللّٰہَ الَّذِیْ تَسَآئَ لُوْنَ بِہٖ وَ الْاَرْحَامَ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلَیْکُمْ رَقِیْبًاo﴾ (النساء:۱) ’’لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تمھیں ایک جان سے پیدا فرمایا اور اسی سے اس کی بیوی کو کیا اور ان دونوں (کی نسل) سے بہت سے مرد اور عورتیں (دنیا میں) پھیلادیں اور اس اللہ سے ڈرو جس کے نام پر تم آپس میں سوال کرتے ہو اور قرابت داری (کے تعلقات قطع کرنے) سے ڈرو، بے شک اللہ تم پر نگہبان ہے۔‘‘ ﴿یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ وَ قُوْلُوْا قَوْلًا سَدِیْدًاo یُّصْلِحْ لَکُمْ اَعْمَالَکُمْ وَ یَغْفِرْلَکُمْ ذُنُوْبَکُمْ وَ مَنْ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوْلَہٗ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِیْمًاo﴾ (الاحزاب: ۷۰۔۷۱) ’’ایمان دارو! اللہ سے ڈرو اور بات کرو تو درست، وہ تمھارے اعمال سنوار دے گا اور تمھارے گناہ بخش دے گا اور جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے وہ عظیم الشان کامیابی حاصل کرتا ہے۔‘‘