کتاب: بدعت کا انسائکلوپیڈیا(قاموس البدع) - صفحہ 27
ابتدائیہ اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے مکمل کردیا ہے۔ اس مکمل دین میں کسی بھی کمی بیشی کی گنجائش نہیں۔ دین وشریعت پر عمل کرنے کے لیے وہی طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طریقہ ہے۔ اسی پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ، تابعین، تبع تابعین اور دیگر سلف صالحین رحمہم اللہ گامزن رہے۔ گمراہی سے بچنے کے لیے سبیل الرسول اور سبیل المومنین کو اختیار کرنا ضروری ہے۔ محدثات الامور اور بدعات سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بچنے کی تلقین کی ہے اور تمام بدعات کو گمراہی قرار دیا ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بدعات سے بچنے کی اس قدر تاکید کی کہ ان کی مذمت کو اپنے خطبے کا مستقل حصہ بنایا اور اپنے خطاب سے پہلے فَاِنَّ خَیْرَ الْحَدِیْثِ کِتَابُ اللّٰہِ وَخَیْرَ الْہَدْی ہدی مُحَمَّدٍ فرمانے کے بعد یہ بھی فرماتے: وَشَرَّ الْاُمُوْرِ مُحْدَثَاتُہَا وَکُلَّ مُحْدَثَۃٍ بِدْعَۃٍ وَکُلَّ بِدْعَۃٍ ضَلَالَۃ وَکُلَّ ضَلَالَۃٍ فِی النَّارِ۔ علمائے حق دین وشریعت کے تحفظ کے لیے ہر زمانے میں بدعات کی سرکوبی کرتے رہے ہیں۔ محدث العصر علامہ محمد ناصر الدین البانی رحمہ اللہ نے بدعات کی تردید میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ عرب کے دو معروف علمائے کرام الشیخ مشہور بن حسن آل سلمان اور الشیخ احمد بن اسماعیل شکوکانی نے ان کی جملہ کتب سے بدعات کو جمع کرکے ’’قاموس البدع‘‘ (بدعات کا انسائیکلو پیڈیا) کے نام سے یہ کتاب ترتیب دی ہے۔ کتاب چونکہ علمی مباحث پر مشتمل ہے اس لیے اس میں بے شمار علمی اصطلاحات استعمال کی گئی ہیں۔ راقم الحروف نے ترجمہ کو رواں اور کتاب کی دقیق نظری سے نظرثانی کرتے وقت، ان اصطلاحات کی تسہیل کی حتی الامکان کوشش کی ہے۔ مؤلفین نے بہت سے مقامات پر علامہ البانی رحمہ اللہ کا موقف حاشیے میں انہی کے الفاظ سے پیش کیا ہے۔ ایسے مقامات پر انہوں نے (منہ) کی رمز استعمال کی ہے۔ دیگر حواشی مؤلفین کی طرف سے ہیں۔ ان دیگر حواشی میں بھی علامہ البانی رحمہ اللہ کے موقف کی وضاحت کی گئی ہے یا انہی کے موقف کو اپنے الفاظ میں پیش کردیا گیا ہے۔ کتاب خالص علمی نوعیت کی ہے۔ بعض دقیق علمی مسائل میں اختلافِ رائے کا بھی امکان ہوتا ہے۔ انسانی کوشش میں غلطی کے احتمال کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ راقم الحروف نے بعض مواقع پر علامہ البانی رحمہ اللہ کے نکتہ نظر کے برعکس دوسرے علماء کا موقف حاشیہ میں پیش کردیا ہے تاکہ قارئین میں کسی قسم کی غلط فہمی یا بے چینی پیدا نہ ہو۔ داڑھی کی مسنون مقدار، نمازِ فجر میں الصلاۃ خیر من النوم پڑھنا، جمعۃ المبارک کی اذانِ عثمانی اور دیگر