کتاب: بدعت کا انسائکلوپیڈیا(قاموس البدع) - صفحہ 25
کتاب: بدعت کا انسائکلوپیڈیا(قاموس البدع)
مصنف: محمد ناصر الدین البانی
پبلیشر: مکتبہ الفرقان
ترجمہ: ڈاکٹر حافظ محمد شہباز حسن
عرض ناشر
اسلام اللہ کا پسندیدہ دین ہے۔ اللہ تعالیٰ اس پسندیدہ دین کو اپنے انتہائی امین فرشتے جبریل علیہ السلام کے ذریعے سے نبی آخر الزماں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب اطہر پر نازل فرمایا، لہٰذا جو کچھ اللہ نے فرمایا ، پھر اس کی توضیح و تشریح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زبان فیض سے ارشاد فرمائی ، اسی کا نام اسلام ہے۔ گویا کہ اسلام اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کا نام ہے۔ عقائد، عبادات و معاملات میں جوکچھ اللہ اور اس کے رسول سے ثابت ہے وہی اسلام ہے اور یہ اسلام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ ہی میں مکمل ہو چکا تھا۔ اب اس میں کسی کمی یا بیشی کی گنجائش نہیں، اسلام مکمل ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ نے حجت اتمام کے لیے فرمایا: ’’ آج میں نے تمہارے لیے دین کومکمل کر دیا ہے ‘‘ یہ اللہ کا فرمان ہے کسی دوسرے کا نہیں لہٰذا جو کچھ اللہ اور اس کے رسول سے ثابت ہے وہی اسلام ہے اور جو اللہ اور اس کے رسول سے ثابت نہیں وہ اسلام نہیں ہے۔ اسی اسلام پر صحابہ کرام نے عمل کرکے سعادت دارین حاصل کی ، اور اس کے بدلے انہیں ہمیشہ کے لیے اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل ہوئی۔
آج بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مرورِ ایام کے ساتھ ساتھ اسلام کی اصلی شکل گم ہو رہی ہے۔ وقت کے راہبوں ،صوفیوں ، نفس پرست صلحاء اور نام نہاد دعوتِ اسلامی کے دعوے داروں نے قال اللہ و قال الرسول کے مقابلے میں اپنے خود ساختہ افکار و خیالات کو پیش کیا۔ نوع بنوع بدعات و خرافات نے اسلام کے صاف و شفاف چہرے کو داغدار بنا دیا ، نتیجہ یہ نکلا کہ برصغیر میں مسلمانوں کی اکثریت ان بدعات کو عین اسلام سمجھتی ہے۔ دن کی بدعات الگ، ہفتے کی بدعات الگ، مہینے کی بدعات الگ، عبادت کی بدعات الگ، ولادت اور فوتگی کے موقع پر بدعات الگ، غرض یہ کہ ہر ہر موقع کی بدعت الگ الگ ایجاد کر رکھی ہیں۔
الحمد للہ ! الفرقان ٹرسٹ اپنے قیام کے وقت سے ہی اس امر کا عزم رکھتا ہے کہ وہ اُمت مسلمہ کے سامنے ایسی کتب پیش کرے گا جو کتاب و سنت کی روشنی میں اور صحابہ کرام و سلف صالحین کے فہم کے عین مطابق ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ مسلم معاشرے میں رائج بدعات و خرافات جس نے اسلام کے روشن چہرے کو مکدر بنا دیا ہے، کو پیش کرنے کا عزم مصمم ہے ، چاہے جتنی بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ وما توفیقی الا باللہ
زیر نظر کتاب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اس میں ان تمام بدعات کو یکجا کر دیا گیا ہے، جنہیں علمائے سوء بڑی کوشش سے روز بروز ، ہفتہ بہ ہفتہ، مہینہ وار سبق کی طرح سکھاتے اور رٹاتے رہتے ہیں، مسلمانوں کی اکثریت اسے