کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 61
حمائل غزنویہ: یہ وہ حمائل غزنویہ ہے جس کے ترجمہ وحواشی نواب وحید الزمان خاں کے تحریر فرمودہ ہیں۔ یہ حمائل مولانا عبداللہ غزنوی کے پوتے اور مولانا محمد غزنوی کے صاحب زادے مولانا عبدالاول غزنوی نے مطبع القراٰن والسنۃ امرتسر سے شائع کی۔ حمائل غزنویہ: یہ وہ حمائل غزنویہ ہے جس کا ترجمہ حضرت شاہ رفیع الدین دہلوی کا ہے اور فوائد سلفیہ اور حواشی مولانا عبدالاول غزنوی کے ہیں۔ سب سے پہلے یہ حمائل مولانا عبدالغفور بن مولانا محمد غزنوی نے امرتسر سے شائع کی اور پھر کئی دفعہ چھپی۔ اس حمائل غزنویہ نے اپنی بعض خصوصیات کی بنا پر بڑی شہرت پائی اور بہت مقبول ہوئی۔ اب نایاب ہے۔ مصفّٰی مع مسویّٰ: یہ دو کتابیں ہیں جو حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کی تصنیف کردہ ہیں اور موطا امام مالک کی شرحیں ہیں۔ مسویّٰ فارسی میں ہے اور مصفّٰی عربی میں۔۔۔ یہ دونوں شرحیں ایک ساتھ پہلی مرتبہ مولانا سید محمد غزنوی نے دہلی سے شائع کیں۔ کشف المغطا: یہ موطا امام مالک کا اردو ترجمہ ہے جو نواب وحید الزمان خاں مرحوم نے کیا۔ اسے پہلی دفعہ مولانا سید محمد غزنوی نے مطبع مرتضوی دہلی سے شائع کیا۔ ریاض الصالحین: یہ حضرت سید عبداللہ غزنوی کے ایما سے پہلی دفعہ لاہور سے شائع ہوئی اور اس کا اردو ترجمہ مولانا ممدوح کے ایک مرید مولانا احمد الدین کوموی نے کیا۔ ’’کوم‘‘ ضلع لدھیانہ (مشرقی پنجاب) میں ایک گاؤں ہے۔ یہ ریاض الصالحین کا پہلا اردو ترجمہ ہے۔ مشارق الأنوار: یہ حدیث کی مشہور کتاب ہے اور امام حسن بن محمد صغانی