کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 50
برصغیر میں انگریزی ترجمہ انگریزی ترجمے کے بارے میں بھی پڑھیے۔ قرآن مجید کا پہلا انگریزی ترجمہ 1905ء میں ڈاکٹر عبدالحکیم خاں نے کیا جو موجودہ مشرقی پنجاب کے شہر پٹیالہ کے رہنے والے تھے۔ وہ کچھ عرصہ مرزائیت کے دائرے میں بھی رہے۔ پھر اللہ نے کرم فرمایا اور مرزائیت سے تائب ہوگئے۔ انگریزی کے علاوہ انھوں نے قرآن کا اردو ترجمہ بھی کیا تھا۔ ڈاکٹر عبدالحکیم خاں کے انگریزی ترجمے سے پہلے یورپ کی زبانوں میں غیر مسلم ہی قرآن مجید کا ترجمہ کرتے تھے۔ ترجمے کی صحت کا کوئی التزام نہ تھا۔[1] ڈاکٹر عبدالحکیم خاں کا انتقال 1359ھ (1940ء) کو ہوا۔ ٭ قرآن مجید کا ایک انگریزی ترجمہ مرزا حیرت دہلوی نے کیا۔ ان کا نام محمد امراؤ بیگ تھا اور مرزاحیرت دہلوی کے عرف سے معروف تھے۔ وہ بہت سی کتابوں کے مصنف اور مترجم تھے۔ یکم جنوری 1868ء کو دہلی میں پیدا ہوئے اور 1928ء (1346ھ) کو دہلی میں وفات پائی۔برصغیر میں قرآن کے انگریزی ترجمے کی اولیت کا اعزاز بھی اہل حدیث کو حاصل ہوا۔ 
[1] دیباچہ انگریزی ترجمہ عبداللہ یوسف علی (ص: 13)