کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 38
ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں: 1… فتح البیان في مقاصد القرآن: یہ عربی زبان میں قرآن مجید کی تفسیر ہے۔ پہلے یہ چار جلدوں پر مشتمل تھی اور نواب صاحب کی زندگی میں بھوپال میں شائع ہوئی تھی۔ اشاعت کے بعد نواب صاحب نے اس کے متعدد مقامات پر بہت سے اضافے کیے اور یہ عربی تفسیر دس جلدوں میں پھیل گئی۔ پھر اسے خود ہی مصر سے طبع کرایا۔ بڑے سائز کے یہ چار ہزار سے زائد صفحات پر محیط ہے۔ 2… ترجمان القرآن بلطائف البیان: یہ تفسیر اردو زبان میں ہے جو پندرہ جلدوں میں مکمل ہوئی۔ 3… تذکیر الکل بتفسیر الفاتحۃ وأربع قل: یہ کتاب اردو زبان میں سورت فاتحہ اور سورت قل یا أیھا الکافرون، سورت اخلاص (قل ھو اللہ احد)، سورت قل اعوذ برب الفلق اور سورت قل اعوذبرب الناس پر مشتمل ہے۔ 4… نیل المرام من تفسیر آیات الأحکام: یہ عربی زبان میں ہے اور قرآن مجید کی ان 236 آیات کی تفسیر ہے جو احکام سے تعلق رکھتی ہیں۔ 5… فصل الخطاب في فضل الکتاب: یہ کتاب اردو زبان میں ہے اور اس میں قرآن مجید کے فضائل بیان کیے گئے ہیں۔ اپنے موضوع کی یہ منفرد کتاب ہے۔ 6… اکسیر في أصول التفسیر: یہ کتاب فارسی زبان میں ہے اور دوحصوں میں ہے۔ حصۂ اول میں کتبِ تفسیر کا تعارف کرایا گیا ہے اور حصۂ دوم میں مفسرین کے حالات بیان کیے گئے ہیں۔ اس موضوع کی یہ اولیں کتاب ہے جو برصغیر کے ایک اہل حدیث مصنف نے تصنیف کی۔ 7… إفادۃ الشیوخ بمقدار الناسخ والمنسوخ: یہ کتاب بھی فارسی میں ہے اور دو حصوں میں منقسم ہے۔ پہلے حصے میں آیاتِ قرآن کے ناسخ ومنسوخ کاذکرکیا