کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 177
رہے ہیں، بے شمار غیر مسلم بھی ان تراجم کے ذریعے سے اسلامی تعلیم سے آشنا ہورہے ہیں۔ برصغیر میں اسلام زیادہ تر تبلیغ سے پھیلا ہے۔ ان شاء اللہ یہ ہندی تراجم بھی لازماً اپنا اثر دکھائیں گے اور غیر مسلموں میں اسلام کی اشاعت کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔ نہایت مسرت کی بات ہے کہ ماشاء اللہ تنہا ایک شخص مولانا خالد حنیف صدیقی نے اتنا رفیع الشان کارنامہ انجام دیا۔ بے ساختہ ان کے لیے دل سے دعا نکلتی ہے۔ اللہ تعالیٰ انھیں اس قسم کے عمل خیر کی مزید توفیق مرحمت فرمائے اور ان کے لیے اور ناشر کے لیے یہ خدمت صدقہ جاریہ ثابت ہو۔ اس قسم کی سرگرمیوں سے پتا چلتا ہے کہ ہندوستان کی جماعت اہل حدیث اجتماعی اعتبار سے بھی اورانفرادی اعتبار سے بھی اسلام کی بے حد خدمت کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ ان کی یہ خدمت ضرور بہتر نتائج پیدا کرے گی۔ اس خدمت کو ہم اہل حدیث کی اولیات میں شمار کرتے ہیں۔ یقینا اپنی ہمت کے مطابق ہندوستان کی دیگر جماعتوں کے اہل علم نے بھی اس قسم کی بنیادی خدمت سرانجام دی ہوگی اور دے رہے ہوں گے لیکن ہمیں اس کا علم نہیں۔