کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 165
سے راحت محسوس کرتے تھے۔ ان کے قیامِ لاہور کے زمانے میں ان سطور کے راقم کی ان سے کئی دفعہ ملاقات ہوئی۔ طویل قامت، گورے چٹے، چھریرا بدن، چھوٹی سفید ڈاڑھی، سفید قمیص، پاجامہ اور شیروانی ان کا لباس تھا۔ سر پر جناح کیپ رکھتے۔ لوہاری دروازے کے باہر مسلم مسجد کے نیچے مولوی شمس الدین تاجر کتب کی دکان تھی۔ تین چار بجے کے بعد نئی اور پرانی کتابوں کے بہت سے شوقین وہاں آتے تھے اور خوب محفل جمتی تھی۔ علامہ عبدالعزیز میمن بھی اکثر وہاں تشریف لاتے اور سب لوگ بڑی توجہ سے ان کی باتیں سنتے۔ اس سراپا علم وتحقیق نے جسے علامہ عبدالعزیز میمن کہا جاتا تھا، 26۔ ذوالقعدہ 1398ھ (27۔ اکتوبر 1978ء) کو 90 برس کی عمر پاکر کراچی میں وفات پائی۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔