کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 163
وتنقیح فرمائی اور اسے ’’سمط اللآلي في شرح أمالي القالي‘‘ کے نام سے شائع کیا۔ الحماسۃ الصغریٰ: ابو تمام کی معروف کتاب ’’الحماسۃ‘‘ درسی حلقوں میں بڑی متعارف ہے جوبہت سے اشعار کا مجموعہ ہے۔ یہ کتاب صدیوں سے مدارس دینیہ میں پڑھائی جارہی ہے۔ لیکن اس کی بعض خامیوں کو دور کرنے کی کسی نے کوشش نہیں کی۔ علامہ عبدالعزیز میمن نے اس کے تمام شعراء کے حالات لکھے، اشعار کے سیاق وسباق کی وضاحت کی۔ جن دواوین سے جو اشعار منتخب کیے گئے تھے، ان کی نشان دہی کی۔ ہر مؤلف کے حالات قلم بند کیے اور پھر ’’الحماسۃ الصغریٰ‘‘ کے نام سے اس کی اشاعت کا اہتمام کیا۔ أبو العلاء وأمالیہ: ابو العلا المعری (353۔۔449ھ) عربی ادب کی معروف شخصیت تھے۔ مصر کے نامور نابینا ادیب طہٰ حسین نے ایک کتاب ’’ذکریٰ أبي العلاء‘‘ کے نام سے شائع کرائی جو ان کی اہم تحقیقات پر مبنی ہے۔ علامہ عبدالعزیز میمن نے اس پر ایسا تحقیقی وتنقیدی کام کیا اور ایسی علمی بحثیں کیں، جن سے طہٰ حسین کی کتاب عاری ہے۔ دونوں اہل علم کے تحقیقی معیار اور معلومات میں بڑا فرق ہے۔ دیوان حمید بن ثور: یہ حمیدبن ثور کے ان اشعار کا مجموعہ ہے جو مختلف مقامات میں بکھرے ہوئے تھے۔ میمن صاحب نے انھیں یک جا کیا اور ان پر مفید حواشی لکھے۔ پھر اسے دیوان حمید بن ثور کے نام سے شائع کیا۔ دیوان سحیم عبد بن الحسحاس: یہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی ہیں۔ ان کے اشعار مختلف جگہوں میں بکھرے ہوئے تھے۔ علامہ میمن نے انھیں جمع کیا اور ان پر ضروری حواشی تحریر کیے۔