کتاب: برصغیر میں اہل حدیث کی اولیات - صفحہ 116
1974ء کی تحریک تحفظِ ختم نبوت 1974ء کی تحریک تحفظِ ختم نبوت میں بھی لاتعداد اہل حدیث حضرات کو گرفتار کر کے ملک کی مختلف جیلوں میں قید کیا گیا۔ اس فہرست میں مولانا معین الدین لکھوی، مولانا عبداللہ امجد چھتوی اور ان کے علاوہ بہت سے اہل حدیث حضرات کے نام شامل ہیں۔ 1974ء میں مرزائیوں کو اقلیت قرار دینے کے سلسلے میں جو مواد پاکستان کی قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا، اس کی جمع وترتیب میں بھی اہل حدیث علماے کرام پیش پیش تھے، ان میں مولانا عبدالرحیم اشرف ، حافظ محمد ابرہیم کمیرپوری اور ان کے ساتھیوں نے بے حد محنت کی۔ یہ ایک مستقل کتاب کا موضوع ہے، جس میں اہل حدیث کی خدمات کو تفصیل سے اجاگر کرنا چاہیے۔ یہاں تو چند اشارے ہی کیے جاسکتے ہیں، وہ بھی انتہائی اختصار کے ساتھ اور وہ کر دیے گئے ہیں۔ اس موضوع کے سلسلے میں ہم کسی پر تنقید نہیں کرنا چاہتے اور نہ یہ ہمارا منصب ہے۔ ہمارا مقصد مثبت انداز میں صرف جماعت اہل حدیث کی تگ ودو کی نشان دہی کرنا ہے۔ کسی سے تقابل یا جھگڑا ہر گز ہمارا نقطہ نظر نہیں اور ہماری یہ عادت بھی نہیں ہے۔ 