کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 67
حمایت کا ولولہ اپنے اندر رکھتی ہے۔ اس نے کہا تم دنیا کے سارے مسلمان مِل کر کیوں نہیں اپنے تحفظ ِ حقوق کے لیے کوئی مجلس قائم اور کوئی اخبار جاری کرتے ہوئے۔ میں نے کہا ہم سب اس کے لیے بسر و چشم تیار ہیں۔ لیکن اس کا کیا جواب ہے کہ یورپ کے امپیرملسیٹ کہیں گے کہ یہ وہی پین اسلامز کا بھوت ہے جوتمام یورپ کونِگل جائےگا، اس کو ہرگز ہرگز زندہ نہ رہنے دیاجائے۔ امیر فیصل کے نائبین جنرل نوری سعید حدّاد پاشا سے ملاقات کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شام وعراق و عرب کی پوری آزادی کے بغیر ہم دم نہیں لیں گے۔ ا ور ہرگز کسی قسم کی اجنبی حمایت یا حکم برداری، یا حفاظت منظور نہیں کریں گے۔ البتہ اتحادیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا ہماری منتہائے آرزو ہے۔ ۲۰۔ اپریل تک یہاں ہمارا قیام رہے گا، محمد علی صاحب آج روم (اٹلی) جارہےہیں کہ وہاں کے اربابِ اثر سے ملیں۔ وہاں کی آب وہوا بھی ہمارے موافق ہے ۲۰تک وہ واپس آجائیں گے توپھر سب مل کر لندن لوٹ جائیں گے۔ کیونکہ ۲۲کولندن میں ہمارا ایک شاندار جلسہ ہوگا جس کا پریسیڈنٹ انگلش لیبر پارٹی کا لیڈر ہوگا۔ پیرس آج کل تمام دنیا کے وفود کا مرکز ہے۔ چینی وفد، آذر بائجانی وفد مصری وفد اور خداجانے کون کون وفد اطراف عالم سے حقوق طلبی کے لیے یہاں جمع ہیں۔ خداحافظ ۲۴؀ البرٹ ہال منشن، لندن ۷اپریل ۱۹۲۰ء عم محترم، السلام علیکم معلوم نہیں کہ سفرِ گیا کا ارادہ پورا ہوایا ناتمام رہا۔ اگر گئے ہوں تو دیکھی اور نہ گئے ہوں تو سُنی کیفیت بیان کیجیے، ہمارے ہاں کوئی اردواخبار نہیں آتا۔