کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 64
تک نوری سعید نے مشایعت کی۔
لیبر پارٹی جس سے لندن میں کچھ امید ہے اس کی ایڈوائزری کمیٹی سے ۱۰ اپریل کو ملاقات ہوئی، ایک گھنٹہ تک گفتگو رہی ۲۳ اپریل کو دوبارہ ملاقات کا وعدہ کیاہے ۱۰ یا ۱۲ اپریل کو عثمانی برطانی مجلس ( برٹش اوٹومن سوسائٹی) کا جلسہ تھا۔ سر گر بہم صدر تھے۔ مقررین میں زیادہ تر انگریز تھے۔ صدر کی تقریر نہایت عمدہ اور ہندردانہ تھی ۲۲ /اپریل کو ہمارا ایک شاندار جلسہ ہونے والا ہے۔ لیبر پارٹی کے پیر مغاں جارج لینسری اس کے صدر ہوں گے۔
لندن کی لیبر پارٹی کی ان ہمدردیوں سے یہ قیاس نہ کیجیے کہ وہ اپنے ملک میں جس اظہار فیاضی کے لیے تیار ہیں اس سے ایشیا کی بیمار وبے کس قومیں بھی فائدہ اٹھاسکتی ہیں، انگلستان کی آزاد سے آزاد پارٹی بھی بہرحال انگریز ہے اور کبھی اس کی قومی خصوصیات اس سے الگ نہیں ہوسکتیں۔ لندن میں ہم لوگ ڈیڑھ مہینے کے قریب رہے۔ اور ہر طبقہ وفرقہ کے آدمیوں سے ملنے پیرس آئے۔ ابھی صرف ایک دن گزرا ہے، لیکن قسم بخدا کہ یہ ایک دن اس ڈیڑھ مہینے سے بہتر تھا، اسلا م اور مسلمانوں سے محبّت رکھنے والوں کی کثیر تعداد یہاں نظر آتی ہے، انگلینڈ میں ہمدرد سے ہمدرد انگریز بھی صرف نفع زر کے لیے کام کرتاہے۔ آپ یہ سن کر حیرت کریں گے کہ آج ۱۲ بجے دن سے لے کر ۲بجے شب تک ایک فرنچ لیڈی جس کو مشرق خصوصاً بلقان کی سیاست سے ذوق ہے ہمارے ساتھ اپنے ہاتھ سے کام کرتی، اور ابھی ابھی وہ کام ختم کرکے گئی ہے۔ مید موزل پوردو اس کانام ہے ”پاپولر“ یہاں کے سوشلسٹوں کا اخبار ہے۔ اس کے ایڈیٹر موسیولانگے مشہور لیبر لیڈر ایڈیٹر ہیں۔ آج شب کو ان سے ملنے گئے تھے جس محبت واخلاق سے انہوں نے باتیں کیں، اس کا مزہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ پیرس میں ۲۰ کو جلسہ ہوگا، اس کے لیے سامان ہورہا ہے، فرانس کی سر زمین ہماری امیدوں کا کشت راز ہے۔