کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 32
آفتاب کی تلافی کرتے ہیں، سردی کےسبب استنجااس قدر جلد جلد ہونے لگاہے کہ بیماری کا شبہ ہونے لگاہے، اس کے سبب سےنماز اور وضومیں مشکل ہوتی ہے، سردی میں زکام کا خوف تھا۔ مگر خداکافضل ہے۔
۱۱ ہوٹل کرزن، کرزن اسٹریٹ، ۴مارچ ۱۹۲۰ء
مخدوم اجل دام مجدہ وسعدہ
مولاناعبدالباری فرنگی محلی
السلام علیکم ! ہم لوگ بحمدللہ مع الخیر لندن پہنچے، گوفرنچ اسٹرائک کےسبب سے کسی قدر تاخیرہوئی تاہم عین وقت پر پہنچے، اگر ایک ہفتے کی بھی اور دیر ہوتی توآنا نہ آنا بالکل بیکار ہوتا، راہ میں اور بندرگاہوں میں، مصر میں، پورٹ سعیدمیں، جہاں کہیں کسی عرب مسلمان سےملاقات ہوئی، ہم نے تفصیل واختصار حسب موقع اپنے مقاصد اور اسلام کےمصالح ان کے سامنے پیش کیے۔ یقین جانئے کہ بچہ سے لے کر بوڑھا تک ہر دل جذبات سے لبریز اور ہر آنکھ اشکِ حسرت ریزتھی، مصوّع کی مسجد اور پورٹ سعید کی جامع عباسی میں نمازمغرب کےبعد ہمارے لیے ائمہ اور شیوخ نے دعائے نصرت مانگی، شیخ جامع عباسی نے رقت آمیز دعادی، پورٹ سعید کےتمام بازاروں میں ہمارے ورودکی خبر آنافاناًپھیل گئی اور اس قدر ہجوم ہواکہ ہم ڈرے کہ ایسانہ ہوکہ کوئی فساد کھڑ اہوکہ آجکل پوراملک مصر آگ کا گرہ بناہواہے۔ اس لیے گاڑی کوبمشکل ہجوم سےباہر نکال لائے۔ اَللّٰھُمَّ اَعَزَّالْاِسْلَام وَاَھْلَهٗ۔
یورپ کی سرحد پرقدم رکھنے کے ساتھ ہمارے رفقاء نے کام کرنا شروع کردیا وینس کے ہوٹل میں جانے کے ساتھ جو خبار ملا، اس سے معلوم ہواکہ لندن میں صلح ٹرکی کے لیے جلسے ہورہے ہیں، گاڑی کل کی نہ مل سکی۔ اس لیے ٹھہرنا پڑا لیکن وہ دن بھی بیکار نہ گیا۔
۲۱ کی شام کووینس اترے اور کچھ کھا پی فوراً ڈاک خانہ اور تارگھر گئے اور تین بجے