کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 23
یورپ پرقدم رکھے گا۔
ایک ضروری بات یہ ہے کہ میرے خطوں والے ہیزی بکس میں جوآپ کے بکس کےنمونے پربنایاگیا ہے۔ لوگوں کے بہت سےخط رکھے ہوں گے، ان میں ایک خط فیروز پور پنجاب کے ایک قاضی (نام یادنہیں ) وکیل پٹیالہ کاہے، جس میں سیرۃ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق تاریخ وفات نبوی کا ذکر ہے، وہ خط مجھ کو رجسٹرڈولایت بھیج دیجیےگا۔
مولوی عبدالسلام، ا نصاری، ابوالحسنات اور دیگر رفقاء کوسلام۔ خداحافظ
۵ از جہاز ہنگریا، بندرکراچی، ۳فروری ۱۹۲۰ء
حبیب مکرم، سلام محبت،
آج جہاز کراچی پہنچا، کل ان شاء اللہ خاکِ ہند کوآخری سلام ہوگا، آج شب کو کراچی میں مسلمانوں کا جلسہ ہوگا، جہاں مسٹرمحمد علی تقریر کریں گے اورشاید میں بھی پہلےمعلوم نہ تھاکہ جہاز کراچی ٹھہرے گا، معارف کو دوبارہ یاددلاتاہوں۔
برادرم مولوی عبدالباری صاحب ندوی کا احمدآباد سے تار آیاکہ آتاہوں گھرنہ آسکے، خداحافظ
۶ ازجہازہنگر یا، بندرعدن، ۹فروری ۱۹۲۰ء
برادربجان برابر، السلام علیکم، اس وقت میں ساحل بمبئی سے۱۶۵۹ میل پرہوں، جہاز عدن میں چند گھٹنوں کے لیے ٹھہرے گا، و ہاں یہ خط ڈالوں گا، آج سمندر کے سفر کوسات دن ہوگئے، بجز پانی کےکوئی چیز نظر کےسامنے نہیں، بجز عرب کی متلاطم موجوں سے تنہائی میں دل بہلاتا ہوں۔ کل بیٹھے بیٹھے بحر عرب پر ایک چھوٹی سی نظم کہہ ڈالی،
؏ بحرِ عرب ہمارا کس شان سے رواں ہے
معلوم ہوا ہےکہ ۲۱ کوجہاز وینس میں لنگر انداز ہوگا، یہ اٹلی میں واقع ہے۔