کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 155
یقین نہیں آتا۔ لفظ ”فاس“ پر مجھے اپنے ہندوستانی اخبارات کے ایڈیٹر یاد آگئے، انگریزی اخبارات میں اس کا نام فیز آتا ہے۔ تو بعض تو بے چارے اُردو میں بھی فیز ہی لکھ دیتے ہیں لیکن بعض طبّاع اور ذہین ایڈیٹر جو اپنے علم کا کمال بھی دکھانا چاہتے ہیں، اس کو بڑے ”ضاد“ سے ”فیض“ لکھتے ہیں کہ یہ عربی کا خاص لفظ ہے۔ جو ایک عربی ملک کا موزوں نام ہوسکتا ہے۔ حالانکہ وہ دراصل فاس ہے۔ یہی حال عراق وشام کے عربی مقامات کا ہندوستانی اخبارات میں ہورہاہے۔ فرنچ ناموں کی بھی اسی طرح مٹی پلید ہوتی ہے۔ فرانس کا ایک مشہور اخبار TEMPS ہے۔ جس کا تلفظ تان ( غنہ کے ساتھ) ہے۔ ہمارے ہندوستانی اخبارات نہایت صحت مخرج کے ساتھ اس کا حوالہ ”ٹمپس“ کے نام سے دیتے ہیں۔ موجودہ وزیر اعظم فرانس کا نام MILLERANDہے۔ ا س کو ہمدم صاحب ملرانڈ لکھتے ہیں۔ حالانکہ صحیح ”ملران“ ہے۔ آخر حروف عموماً فرنچ والے نہیں تلفظ کرتے۔ ا ور نون غنّہ کا یہاں بڑا خرچ ہے۔ میں ہمیشہ عربی اخبارات میں تان کو الطان لکھا دیکھ کر الطّانّ تلفظ کرتا تھا۔ اور لطیفہ سنیے کہ اس کو عربی لفظ طنین سے مشتق سمجھتا تھاا ور اس لیے جانتا تھا کہ یہ اصل فرنچ نام نہیں۔ بلکہ مصریوں نے اصل فرنچ لفظ کا ترجمہ کرلیا ہے۔ مگر اب اپنی جہالت معلوم ہوئی کہ یہ تان فرنچ لفظ ہے اور اس کے معنی ”ٹائمس“ یعنی وقت کے ہیں۔ گویااس کو اخبار ٹائمس کا مرادف سمجھئے۔ خدا جانے میں کہاں سے کہاں چلا آیا، آپ نے ڈاکٹر ارشاد والے نسخے مانگے ہیں۔ وہ فرنچ میں ہیں اور آپ کے لیے بیکار ہیں۔ بخیریت ہوں اور ہندوستان کا مشتاق۔