کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 113
خوشی سے خط لکھ کر اور اپنے کارخانے میں بلا کر ہمارے فوٹو لئے ہیں، لندن واپس جاکر بھیج دوں گا، آج پیرس کے مشہور انجمن سیر عالم سے ہم لوگوں کو فوٹو خاص اس آخری ایجاد کے مطابق ملے ہیں جو بالکل جدید ہے۔ اگر اس فوٹو کی کاپیاں کچھ اس نے دیں تونذر کروں گا۔ مشرقی صورتیں اور مشرقی لباس یہاں کے لیے عجیب ہیں، ا س لیے ان کی جدّت نمائی کے لیے ہمارا وجود ایک نیا سامان ہے۔ کل ۱۹ مئی سے رمضان شروع ہے۔ روزہ رکھ رہا ہوں ۱۸ گھنٹے کا دن ہوتا ہے، آپ کا پُرسامان رمضان یاد آتا ہے۔ ۴۱؀ پیرس، ۲۷ مئی ۱۹۲۰ء برادر عزیز، سلمک اللہ تعالیٰ پچھلے ہفتہ آپ نے غلطی سے دو خط مجھے لکھ دیے تھے، اس کی تلافی آپ نے اس ہفتہ اس طرح کی کہ کوئی خط نہ لکھا، تاکہ ہفتہ میں ایک خط کے اوسط سے حساب پورا ہے۔ مجھے وہاں دو دفعہ دردِ شکم کا جو دورہ ہوا تھا وہ یہاں زیادہ تیز ہوگیا، اس کا سبب غذا کی ناموافقت ہے۔ چونکہ گھی یہاں میسر نہیں اس لیے مرغن غذا کی یہاں تکلیف نہیں، بلکہ اس کی تکلیف ہے کہ یہاں کی روز وشب کی عام غذا گوشت یا مچھلی یا انڈا ہے ‘ یہ تمام چیزیں میرے لیے مضر، غلّہ ڈبل روٹی کی شکل میں صرف بطور تعلل کھایا جاتا ہے وہ بھی میرے لیے مفید نہیں۔ میرے لیے صرف ترکاری اور سبزی بتائی گئی ہے، دواروزانہ کھاتا ہوں، پرسوں دن بھر شدید درد رہا۔ قولنج کی تشخیص ہے۔ صحت کی دعا کیجیے۔ چند روز ہوئے کہ توفیق پاشا رئیس وفد صلح سے نیاز حاصل ہوا۔ نہایت ضعیف العمر ہیں، ۸۰ کی عمر ہوگی، پیری سے ہاتھوں میں رعشہ ہے، مگر اس لیے بھیجے گئے ہیں کہ سلطان معظم کو اُن پر اعتماد ہے۔ افسوس کہ فرنچ اور ترکی