کتاب: بریدفرنگ - صفحہ 107
اس میں ڈھونڈھیے گا تو یہ آیت بھی ملے گی :۔ جَزَاءُ سَيِّئَةٍ بِمِثْلِهَا۔ اور بھی پڑھیے گا أُذِنَ لِلَّذِينَ يُقَاتَلُونَ بِأَنَّهُمْ ظُلِمُوا۔ تلخیص الصحاح کی کتاب الفتن جہاں آپ پڑھتے ہیں کتاب الجہاد بھی پڑھیے ہم غریب مسلمانوں کو آپ امن کی تعلیم کیوں دیتے ہیں، یہ ان کو دیجیے جن کی طمع شہنشاہی تمام دنیا میں امن شِکن ہورہی ہے۔ یہاں کی دو انجمنوں میں آج جانا ہوا، ایک انجمن حقوقِ انسانیت دوسری انجمن سیر عالم۔ یہ دوسری انجمن شہر سے باہر ایک سنسان باغ کے سایہ میں واقع ہے۔ مختلف کنج درخت میں مختلف عمارتیں ہیں۔ اسی میں ایک فوٹوگرافی اور دوسری سینما کی عمارت ہے۔ تیسری عمارت مختصر سے کتب خانہ کی ہے۔ یہاں ہمارے فوٹو لیےگئے۔ سینما میں میدان جنگ کے مختلف سماں، دہلی وآگرہ کے تعمیری عجائبات دکھائے گئے، یہ انجمن اپنے ممبروں کو دنیا کے مختلف ملکوں میں سیر اور مناظر کے فوٹو لینے کے لیے بھیجتی ہے، اس کو دیکھ کر ہم دارلمصنفین یاد آگیا، وہی درختوں کے جنگل، وہی خاموشی اورسکون۔ والسَّلام ۳۴؀ لندن ۱۰ جون ۱۹۲۰ء مخدوم اجل، دام مجدہ السامی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ والانامہ نے مشرف کیا، ہم لوگ الحمد للہ مع الخیر ہیں اور اپنے اشغال ومساعی میں مصروف۔ ۲۹ مئی کو ہمارا قافلہ پیرس سے لندن آیا، لندن میں اگر کوئی خاص کام تو انجام نہیں پایا مگر اتنا ہوا کہ ایک مرتبہ ہمارے بعض ارکان انڈیا آفِس کے ہندوستانی ممبروں سے جاکر ملے اور ان کو مقصد سمجھائے۔ لارڈ سنہا کو جو مسائلِ اسلامیہ اور ہندوستان کے نقطہ ٔ نظر کو سمجھانے کے لیے صلح کانفرنس میں نامزد ہوئے تھے، آج تک یہی معلوم نہیں تھا کہ