کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 48
فیصل دستبردار ہو گئے اور حکمرانی بڑے بھائی کےحوالے کر دی۔ انہوں نے 1875ء سے 1889ء تک حکمرانی کی اور جب 1889ء میں عبداللہ فیصل کا انتقال ہوا تو دوبارہ شاہ عبدالعزیز کے والد امام عبدالرحمٰن حکمران بن گئے اور 1891ء تک حکمران رہے۔
اس باہمی خاندانی چپقلش سے اس شاہی خاندان کوجو نقصان ہوئے اس کا اندازہ لگانا مشکل تھا۔ بھائیوں کوآپس میں لڑتے ہوئے دیکھ کر موقع سے فائدہ اٹھا تے ہوئے ترکوں نے 1871ء میں الاحساء پر قبضہ کر لیا۔ نیز یہ کہ الرشیدجو آل سعود کے خادموں میں سے تھے اور جن کو خود انہوں نے حائل اورجبل و شمر کا حکمران مقرر کیا تھا، اس قدر سرکش ہو گئے ان کی نظریں اقلیم آل سعود کے دوسرے علاقوں پر مرکوز ہو گئیں اور بالآخر پورے نجد پر قابض ہو گئے اورخود آل سعود کا یہ حال ہوا کہ انہیں نجد سے ہجرت کر کے کویت میں پناہ لینی پڑی۔