کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 467
تعارف
بحر اللہ ہزاروی مانسہرہ کے قبائلی علاقے بسی خیل میں 1951ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک نامور علمی گھرانے سے ہے۔
ابتدائی تعلیم کراچی میں حاصل کی اور جامعہ کراچی سے انہوں نے اسلامیات میں ایم۔ اے کیا۔ درس نظامی میں مدرسہ مظہر العلوم سے فارغ التحصیل ہیں۔ جامعہ کراچی سے انہوں نے 1993ء پی ایچ ڈی کے لئے رجسٹریشن کرائی ہے۔ جس کا موضوع ہے۔
’’مملکت سعودی عرب میں اسلامی نظام اور عالم اسلام پر اس کے اثرات ‘‘
ریڈیو پاکستان کے شعبہ مانیٹر نگ سے منسلک رہے۔ 1977ء میں انہوں نے اپنی سرکاری نوکری کا آغاز وزارت مذہبی امور سے کیا۔1977ء سے 1987ء کے دوران دس سال تک سعودی عرب میں پاکستان کے سفارتی مشن میں خدمات انجام دیتے رہے۔ 1989ء سے 1990ء تک جد ہ میں رابط آفیسر کی ذمہ داریوں کو سنبھالے رکھا۔1990ء سے 1994ء تک کراچی میں سندھ کے گورنر کے ساتھ آفیسر تعلقات عامہ کی حیثیت سے منسلک رہے۔ 1994ء سے ستمبر 1995ء تک جدہ میں وائس قونصل حج کے طور پر کام کیا۔
ان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے موجودہ صدر مملکت جناب محمد رفیق تارڈ اور وزیر اعظم جناب محمد نواز شریف کے علاوہ سابق صدر مملکت فاروق احمد لغاری کے علاوہ ذوالفقار علی بھٹوجنرل محمد ضیاء الحق،محمد خان جونیجو اور بے نظیر بھٹو کے عربی ترجمان کے فرائض سرانجام دئیے۔ کئی سربراہان پاکستان کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر بھی گئے۔ ان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ مملکت سعودی عرب کے ولی عہد،یمن کے صدر، تیونس کے وزیر اعظم، سعودی وزیر داخلہ، ریاض کے گورنر، وزیر حج اور خانہ کعبہ کے امام کے دورہ پاکستان کے موقعہ پر بھی عربی ترجمان کی حیثیت سے فرائض انجام دئیے۔
مختلف اخبارات میں ابو عاطف کے نام سے لکھتے ہیں اس سے قبل بھی دو کتابیں لکھ چکے ہیں۔ اس کتاب کا انگریزی ایڈیشن بھی زیر طباعت ہے۔
ناشر