کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 412
شاہ عبدالعزیز اور شفقت
فواد شاکر لکھتے ہیں کہ جب واپسی کا سفر شروع ہوا تو یہ روضہ الخفس اور الخرج کے درمیان تھے۔اس دو ر ان چند واقعات ظہور پذیر ہوئے۔ جن کا میں خود مشاہدہ کر چکا ہوں۔ میں نے سنے بھی تھے۔
مجھے اکثر دوروں میں ان کے ہمراہ رہنے کا شرف حاصل ہوتا رہتا تھا۔ شاہ عبد العزیز سے بہادری اور مہمان نوازی جیسی صفات منسوب تھیں۔
ان کی کامیابی کے اسباب میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے علاوہ یہ صفات تھیں جن سے ان کی شخصیت تاریخ کا حصہ بن گئی۔ ان میں کوئی ریاکاری نہ تھی۔
وہ لکھتے ہیں ’’ میں نے ان کی مہربانی اور شفقت کا بڑے قریب سے مشاہدہ کیا ہے۔‘‘
ایک دن شاہ صحرا میں جا رہے تھے۔ کہ ہماری نظر ایک گاڑی پر پڑی جو سٹرک کے کنارے کھڑی تھی۔ معلوم ہو رہا تھا کہ اس میں کوئی خرابی ہے۔ اس عظیم انسان نے اپنی گاڑی روک دی۔ دوسری گاڑیاں بھی رک گئیں۔ انہوں نے ڈرائیور کو بلایا اور پوچھا کیا ہوا ہے ؟
ڈرائیور نے جواب دیا کہ ’’ میری گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا ہے اور پانی بھی نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے فوری طور پر اس کو پٹرول اور پانی دینے کے احکامات جاری کئے۔ اس کو کچھ رقم بھی دی۔ بعد ازاں اس کا حال احوال معلوم کیا۔ کہ وہ کہاں سے آ رہا ہے اور کہاں جارہا ہے۔