کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 354
روز ویلٹ نے کہا ’’ فرانس نے تحریری وعدہ کیا ہے کہ جنگ کے بعدوہ لبنان اور شام کو آزاد کر دے گا۔ ‘‘ روز ویلٹ نے یہ بھی کہا ’’ آزادی کےبعد اس کو برقرار رکھنے کےلیے وہ لبنان اور شام کی مالی مدد بھی کرے گا۔‘‘
بات چیت کے دوران شاہ عبدالعزیز نے روز ویلٹ سے کہا کہ وہ مملکت سعودی عرب کو زرعی میدان میں ترقی دینا چاہتے ہیں۔‘‘ روز ویلٹ نے وعدہ کیا کہ امریکہ اس سلسلہ میں ان کی بھر پور مدد کرے گا۔
اس ملاقات کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے 15 منٹ میں ابن سعود سے مسئلہ فلسطین اور مشرق وسطی کے بارے میں وہ کچھ سیکھا جو وہ دس ملاقاتوں میں کسی اور سے نہیں سیکھ سکتے تھے۔
ولیم ایڈی نے امریکی وزیر خارجہ کے نام 5 جنوری 1945ء کو ایک رپورٹ روانہ کی۔ جس میں شاہ عبدالعزیز کا یہ قول درج تھا۔
’’میرے لئے یہ عزت کا مقام ہو گا کہ میں فلسطین کے دفاع میں یہودیوں سے لڑتا ہوا شہید ہو جاؤں۔‘‘