کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 272
شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز گورنر ریاض کے تاثرات
میرے والد مرحوم و مغفور صرف ہمارے ہی والد نہیں تھے بلکہ انہیں مالک کا ہر ایک محب وطن اپنا روحانی باپ تسلیم کرتا ہے وہ اپنے حسن معاملہ میں مرد یکتا تھے۔ وہ تمام امور میں اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہوتے تھے۔ وہ سختیوں اور مشکلات سے ہر گز نہیں گھبراتے تھے۔ اللہ تعالیٰ سے مدد، نصرت اور تائید کے طالب گار رہتے تھے۔
ان کے سینے میں غیرت مند دل تھا۔ و ہ نرم خو بھی تھے۔ مساکین اور کمزوروں سے مل کر خوش ہوتے۔ ان کے سینے میں عزم بالجزم تھا۔ جوفیصلہ کرتے اس سے پیچھے نہیں ہٹتے تھے۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ بڑی دانشمندی سے مملکت کو دشمنوں کی ریشہ دوانیوں سے محفوظ رکھا بلکہ بڑی طاقتوں کے اثر و نفوذ سے بھی دور رکھا جب کہ اس وقت زیادہ تر حکومتیں استعمار کے پنجے میں تھی۔
(روزنامہ الجزیرہ شمار نمبر 1356)