کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 237
حجاج کے لیے خدمات جب شاہ عبدالعزیز نے اپنے صاحبزادے شہزادہ فیصل(جو بعد میں بادشاہ بنے) کو حجاز میں اپنا نائب مقرر کیا تو ان کو ہدایات جاری کی گئی کہ حجاج کوہر قسم کی آرام اور سہولت دی جائے۔ اس وقت ملک کی آمدنی اتنی زیادہ نہ تھی۔ اس کے باوجود شاہ عبدالعزیز حجاج کی آسائش اور آرام کا خیال کرتے تھے۔ اس دوران مندرجہ ذیل خدمات اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کے لیے انجام دی گئیں۔ 1۔ حرم شریف میں سائبان نصب کیا گیا۔ 2۔ صفا و مروہ میں چھت بنایا گیا۔ 3۔ الحجون کے راستہ کی توسیع کی گئی۔ 4۔ مکہ مکرمہ کے راستوں کو پختہ کیا گیا۔ 5۔ مدینہ منورہ میں ائر پورٹ کی تعمیر کی گئی۔ تاکہ مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان ہوائی سفر کا آغاز ہو۔ 6۔ عرفات میں پانی کی مفت تقسیم کا انتظام کیا گیا اس سے پہلے شریف حسین کے دور میں حجاج کو عرفات میں پانی بہت مہنگے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔ اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے بہت سے حجاج انتقال کر جاتے تھے 7۔ مدینہ منورۃ تک سٹرک کی پختہ تعمیر۔ 8۔ عرفات میں نئی سٹرکوں کی تعمیر 9۔ بندگاہ کی تعمیر۔ اس سے قبل حاجیوں کے جہاز بہت دور روک لئے جاتے تھے۔ اور وہاں سے کنارے تک حجاج کشتیوں سے آتے تھے۔