کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 201
مملکت کو متحد کرنا اور اس کا نام مملکت سعودی عرب رکھنے کے رموز 21جمادی الاول 1351ھ بمطابق 23ستمبر 1932ء کو ایک شاہی حکم نامے کے ذریعہ جزیرہ نمائے عرب کا نام ’’مملکت سعودی عرب ‘‘ رکھا گیا۔ سرکاری گزٹ میں اس کی باقاعدہ اشاعت ہوئی اورغیر ملکی سفارت خانوں اور ملکوں کو اس کی اطلاع دے دی گئی۔ حکمنامے کا متن یوں ہے۔ ’’ہماری رعایا نے جو کچھ ہمیں نجد حجاز اور اس سے ملحقہ علاقوں سے لکھا ہے۔ ان کی رائے عامہ کا احترام کرتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں کو ایک عرب مملکت میں متحد کرنے کے لیے ہم نے جو احکامات صادر کئے ہیں وہ یہ ہیں۔ 1۔ حجاز،نجد اور ملحقہ علاقہ جات کا نام اب ’’ مملکت سعودی عرب ‘‘ ہو گا۔ آج کے بعد ہمارا لقب ’’بادشاہ مملکت سعودی عرب ‘‘ ہو گا۔ 2۔ جس دن سے یہ اعلان ہو گا اسی دن سے یہ نافذ ہو جائے گا۔ 3۔ نام کی اس تبدیلی سے معاہدات، ایگریمنٹ یا ذمہ داریوں میں کوئی فرق نہیں آئے گا۔ 4۔ اس نام کی تبدیلی سےقبل کے ہمارے دیگر احکامات یا ہدایات اسی طرح نافذ العمل رہیں گے۔ 5۔ موجودہ وقت میں حکومت کاسیٹ اب حجاز،نجد یا ملقحہ علاقوں میں اسی طرح ہو گا۔ جیسے پہلے تھا جب تک ان علاقوں میں نئی سیٹ اپ کی تشکیل نہیں ہو جاتی۔