کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 175
تھے۔ شاہ عبدالعزیز احرام کی حالت میں مکہ مکرمہ میں داخل ہو گئے۔ مکہ مکرمہ کے بازاروں اور گلیوں میں ایک جشن کا سماں تھا۔ رنگا رنگ قمقے جل رہے تھے۔ یہ سب کچھ شاہ عبدالعزیز کے آمد کی خوشی میں تھا۔ جب ان کی سواریاں مسعی پہنچیں تووہاں سے شاہ عبدالعزیز اور ان کے ساتھی گھوڑوں سے اتر کر پیدل چلنے لگے۔ باب السلام سے حرم میں داخل ہوئے تو ان پر ایک خشوع کا عالم طاری تھا۔ دل ادب و احترام سے پرتھے۔ انہوں نے طواف کیا۔ مقام ابراہیم پرنماز پڑھی۔ اور صفا ومروہ کےدرمیان سعی کی۔ پھر وہاں سے شاہ عبدالعزیز عمرہ کی ادائیگی کے بعد باناجہ نامی شخص کےگھر چلے گئے(جن کا گھر صفا مروہ کے قریب باب علی کے سامنے تھا)۔ وہاں احرام اتارا۔ پھر اپنے اس خیمے کی طرف چلے گئے جو ان کے لیے خاص طور پر لگایا گیا تھا۔ دوسرے دن الاخوان سلام کرنے آئے۔ اس کے بعد مکہ مکرمہ کے رہنے والے۔ سب سے آگے ان کے الشیخ عبدالقادر الشیبی تھے جو خانہ کعبہ کے کلید بردار تھے۔