کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 167
پاس ایک ہزار چھ سو افراد جمع ہو گئے۔ اس میں 500 باقاعدہ فوجی تھے۔ 900 قبائل کے اور 200 مکہ مکرمہ کے لوگ تھے۔ ان تمام کو دوبارہ ہدیٰ میں اکٹھا کیاگیا۔ اس دوران سعودی افواج کا جب طائف پر مکمل کنٹرول ہو گیا اور وہ وہیں رہیں تو ایک پلٹن کو امن و امان کے لیے بھی مقرر کر دیا۔ باقی لوگوں کو جن کی تعداد دو ہزار سے زیادہ تھی مسلح کر کے طائف سے ہدی کی طرف کوچ کرنے کا حکم دیا۔ 26صفر 1343ھ بمطابق 1924ء کو سعودی اور اشراف کی فوجوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ یہ لڑائی دس گھنٹے تک جاری رہی۔ جو ظہر کی نماز کے وقت ختم ہوئی۔ جب دونوں طرف سے بندوقیں چلنے کی آوازیں بند ہوئیں تو علی بن حسین نے سوچا کہ شاید سعودی افواج کے پاس اسلحہ کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے دراصل یہ وقفہ ظہر کی نماز کے لیے کیا تھا۔ ایمونیشن ختم نہیں ہوا تھا۔ شریف علی لڑائی کو اپنے والد کے محل سے کمانڈ کر رہا تھا۔ سعودی افواج نے فوری طور پر ایسی کارووائی کی کہ وہ سب کچھ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گیا۔ وہ کدی کے راستے مکہ مکرمہ پہنچا اور سعودی افواج نے پہاڑی پر قبضہ کر کے بھاگتے ہوئے اشراف پر فائرنگ جاری رکھی جس سے ان کا کافی جانی نقصان ہوا۔