کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 16
پیشتر ازیں کہ شیخ محمّد بن عبدالوہاب کے بارے میں تفصیلاً لکھا جائے، مناسب ہو گا کہ علاقہ نجد کے خدوخال پر روشنی ڈالی جائے۔ نجد بلاد عرب کے بڑے حصے پر مشتمل ہے اور جزیرہ نمائے عرب کے درمیان واقع ہے۔ آج سے کافی عرصہ پہلے نجد میں چھوٹی چھوٹی ریاستیں تھیں۔ ہر ریاست کا الگ الگ حکمران ہوتا تھا جو اپنی مہارت، بہادری اور سمجھ بوجھ سے کبھی کمزور ہوتا تھا اور کبھی طاقتور لیکن ان ریاستوں کے مابین کوئی مضبوط سیاسی تعلقات نہ تھے۔ ان میں مندرجہ ذیل چار ریاستیں مشہور تھیں۔ 1۔درعیہ درعیہ کے سربراہ شہزادہ محمد بن سعود تھے۔ یہ آل سعود کی مملکت کا پہلا دارالحکومت تھا۔ یہ وادی حنیفہ کے شمال اور ریاض کے مغرب میں 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 2۔الریاض الریاض کے سربراہ دھام بن دواس تھے۔ ریاض نجد کے وسط میں واقع ہے۔ ریاض کے ارد گرد کھجوروں کے بڑے بڑے باغات تھے۔ آل سعود نے درعیہ کی بربادی کے بعد 1818ء میں اسے اپنا دارالحکومت بنایا۔