کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 158
جاہلی عادات سے پاک دیکھنے کے مشتاق تھے، راقم السطور کا نشوونما بھی ایسے ہی دینی ماحول میں ہوا تھا، اور اس نے وہ زمانہ دیکھا تھا، جب حجاز کی سعودی حکومت ہر بزم و انجمن کا موضع گفتگو تھی، اسے وہ خوشی اچھی طرح یاد ہے، جو اس وقت صحیح الخیال مسلمانوں کے دلوں کو حاصل ہو گئی تھی، وہ بڑی بڑی توقعات جزیرہ العرب کے اس انقلاب سے وابستہ کر رہےتھے، اور ایسا کرنا غلط بھی نہ تھا، کیونکہ حجاز میں قائم ہونے والی حکومت کی تاریخ اس دعوت و عزیمت اور زہد و قربانی کی تاریخ سے پیوست و وابستہ تھی، جو مصلح کبیر شیخ محمد بن عبدالوہاب کی دعوت و تحریک سے شروع ہوئی تھی، اس دعوت کا اس دینی جوش و جذبہ کے پیدا کرنے میں بڑا ہاتھ تھا، جو ہمیشہ اہم معرکوں کے سر کرنے اور عظیم سلطنتوں کے قیام میں سب سے بڑا کار گر ہتھیار ثابت ہوا ہے، اس حکومت کو اپنی تاریخ کے ہر دور میں شیخ کے فاضل و محترم خانوادہ کی تائید حاصل رہی اور وہ مجاہد داعیوں کے کندھوں اور جانباز شہداء کے مبارک قربانیوں کے سہارے کھڑی ہو گئی۔ قلب صحرا سے ابھرنے والی یہ نومولود حکومت اس عظیم مملکت بننے تک حکومت و سلطنت، معاشرت و ثقافت کے نازک ترین تجربات سے دو چار ہوئی اور اسے اپنے عبوری مرحلہ سے گزرنا پڑا، یہ مرحلہ سیاسی، انتظامی اور اقتصادی مشکلات پر قابو پانے اور مختلف نظریات رکھنے والی پڑوسی حکومتوں سے تعلقات کا مرحلہ تھا، ایک طرف دین کے روح و جوہر، اپنی عربی اسلامی خصوصیات اور دوسری طرف روح عصر اور زمانہ کے تقاضوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کا نیا تجربہ تھا، جو