کتاب: عبدالعزیزبن عبدالرحمٰن آل سعود بانی مملکت سعودی عرب - صفحہ 15
آل سعود یہ ایک مسلّم حقیقت ہے کہ مملکت سعودی عرب کی تاریخ یا یہ الفاظ دیگر آل سعود کی جدو جہد کی تاریخ جو ایک صحیح اسلامی عقیدہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی حکومت کے لیے تھی کی ابتداء اٹھارویں صدی عیسوی سے ہوئی۔ اس کا نقطہ آغاز درعیہ تھا جو نجد میں واقع ہے اور سعودی عرب کے موجودہ دار الحکومت ریاض سے بارہ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ 1725ء میں امیر سعود بن محمد ّ بن مقرن کا جو آل سعود کے خاندان کا سربراہ تھا انتقال ہوا۔ اپنے پسماندگان میں انہوں نے چار صاحبزادے چھوڑے جن کے نام یہ ہیں۔ 1۔ محمّد 2۔ مشاری 3۔ثیان 4۔فرحان ان چاروں نے یہ عہد کیا کہ وہ نجد میں سعودی سلطنت کا قیام عمل میں لائیں گے۔ ثیان جنگجو تھے۔ جبکہ محمّد سیاسی شخصیت تھے۔ لیکن چاروں بھائیوں میں ایک مثالی اتحاد و اتفاق کا جذبہ موجز ن تھا۔ محمّد بن سعود بن محمد بن مقرن بن مرخان بن ابراہیم بن موسیٰ بن ربیعہ بن مانع العنزی درعیہ کے سلطنت کے سب سے پہلے حکمران تھے۔ درعیہ کو مملکت سعودی عرب کے پہلے دارالحکومت کا شرف حاصل ہوا۔ یہ وہ وقت تھا جب شہزادہ محمّد اور شیخ محمد بن عبدالوہاب کے درمیان تاریخی ملاقات ہوئی۔ اس تاریخی ملاقات نے نہ صرف نجد کی تاریخ بدل ڈالی بلکہ پورے جزیرہ نمائے عرب کی ایک نئی تاریخ رقم ہوئی۔