کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 83
رات سونے سے قبل سورت اخلاص،سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھنا اور دونوں ہتھیلیوں پر پھونک کر سارے بدن پر پھیرنا اور یہ عمل تین مرتبہ کرنا مسنون ہے،جیسا کہ عظمت سورۂ اخلاص کے ضمن میں وہ حدیث ذکر کی جاچکی ہے۔ بعض احادیث سے پتا چلتا ہے کہ تمام قسم کے شیطانی شرور وفتن،وساوس اور دیگر مصائب وآلام سے اللہ کی پناہ طلب کرنے کے لیے سورۃ الاخلاص،سورۃ الفلق اور سورۃ الناس سے بہتر کوئی سورت نہیں۔چنانچہ سنن ابو داود و نسائی اور مسند احمد میں ہے کہ حضرت عقبہ بن عامر جہنی رضی اللہ عنہ ایک غزوہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سواری پر بیٹھے تھے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:’’اے عقبہ رضی اللہ عنہ ! کہہ‘‘ میں نے کان آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف لگادیے،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر ارشاد فرمایا:’’اے عقبہ رضی اللہ عنہ ! کہہ‘‘ میں پوری طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف متوجہ ہوگیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسری مرتبہ ارشاد فرمایا:’’اے عقبہ رضی اللہ عنہ ! کہہ‘‘ میں نے عرض کیا:یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا کہوں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:{قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} اور یہ سورت آخر تک پڑھی،پھر{قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ} پڑھی اور میں نے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پڑھی،پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے{قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ} پڑھی اور میں نے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پڑھی حتیٰ کہ اسے مکمل کیا۔پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ((مَا تَعَوَّذَ بِمثْلِہِنَّ أَحَدٌ)) (سنن أبي داود:۲/ ۱۵۱،سنن النسائي:۸/ ۲۵۲،مسند أحمد:۴/ ۱۴۴) ‘’کسی پناہ مانگنے والے کے لیے ان تینوں سورتوں جیسی کوئی سورت نہیں پائی گئی جس کے ذریعے اس نے پناہ مانگی ہو۔‘‘