کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 82
’’اے عقبہ! کیا میں تجھے ایسی سورتیں نہ سکھاؤں کہ اُن جیسی سور تیں تورات میں نازل ہوئیں،نہ زبور میں،نہ انجیل میں اور نہ قرآن میں۔سن! تجھ پر کوئی ایسی رات ہرگز نہ گزرنے پائے جس میں تو یہ سورتیں نہ پڑھے:{قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ}،{قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ} اور{قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ}۔‘‘ ان معوذات کی عظمت کی خاطر ہی نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بتایا ہے کہ انھیں صبح و شام تین تین مرتبہ پڑھنا تمام بیماریوں،پریشانیوں اور تکلیفوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے کافی ہے۔چنانچہ سنن ابو داود میں حضرت خبیب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ شدید بارش اور سخت تاریکی کی رات میں ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تلاش کرنے کے لیے نکلے تاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں نماز پڑھائیں۔ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تلاش کرلیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دریافت فرمایا: ((أَصَلَّیْتُمْ؟))’’کیا تم نے نماز پڑھ لی ہے؟‘‘ میں نے کوئی جواب نہ دیا،تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:((قُلْ))’’کہہ‘‘ میں نے جواب میں کچھ نہ کہا،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا:((قُلْ))’’کہہ‘‘ میں نے پھر بھی کچھ نہ کہا،پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسری مرتبہ ارشاد فرمایا:((قُلْ))’’کہہ‘‘ میں نے عرض کیا:یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! کیا کہوں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ((قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ وَ الْمُعَوِّذَتَیْنِ حِیْنَ تُمْسِيْ وَحِینَ تُصْبِحُ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ تَکْفِیْکَ مِنْ کُلِّ شَيئٍ))(سنن أبي داود،ابواب النوم:۳/ ۴۲۴۱) ’’شام اور صبح کے وقت تین تین مرتبہ سورۃ الاخلاص اور معوذتین پڑھو،یہ تمھیں ہر مصیبت سے بچنے کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘