کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 40
قرآن مجید سیکھنے کی عظمت و فضیلت 1۔سب سے افضل علم: قرآنِ مجید کا علم سیکھنے والا شخص دوسرے تمام علوم سیکھنے والے لوگوں سے افضل ہوتا ہے کیونکہ صحیح بخاری،سنن ابو داود،ترمذی،ابن ماجہ اور دارمی میں حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَہٗ)) (صحیح البخاری:۵۰۲۷،صحیح الجامع:۳۳۱۹،الصحیحۃ:۱۱۷۲) ’’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔‘‘ 2۔راہِ جنت آسان: قرآنِ مجید کا علم سیکھنے کے لیے جو شخص گھر سے نکلتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ آسان فرمادیتے ہیں۔چنانچہ صحیح مسلم،سننِ اربعہ،صحیح ابن حبان اور مسند احمد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ((مَنْ سَلَکَ طَرِیْقاً یَلْتَمِسُ فِیْہِ عِلْماً سَہَّلَ اللّٰہُ لَہٗ بِہٖ طَرِیقاً اِلَی الْجَنَّۃِ)) (صحیح مسلم:۶۸۵۳،صحیح الترغیب و الترہیب:۶۸،صحیح الجامع:۶۲۹۷) ’’جو شخص علم سیکھنے کے لیے سفر کرے اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ آسان فرمادیتے ہیں۔‘‘