کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 31
قرآن کی سفارش: قیامت کے روز قرآنِ مجید اہلِ قرآن کی بخشش کے لیے سفارش کرے گا۔چنانچہ صحیح مسلم اور مسند احمد میں حضرت ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے: ((اِقْرَأُوا الْقُرْآنَ فَاِنَّہٗ یَأتِيْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ شَفِیعاً لِأَصْحَابِہٖ)) (صحیح مسلم،کتاب فضائل القرآن،حدیث ۱۸۷۴) ’’قرآن پڑھا کرو،قیامت کے روز یہ اپنے پڑھنے والوں کے لیے سفارشی بن کر آئے گا۔‘‘ پیروی میں راستی: قرآنِ کریم کی پیروی کرنے والے ہمیشہ راہ راست پر رہیں گے،جیسا کہ صحیح مسلم میں حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((اَلَا وَ اِنِّيْ تَارِکٌ فِیْکُمُ الثَّقَلَیْنِ أَحَدُہُمَا کِتٰبُ اللّٰہِ،ہُوَ حَبْلُ اللّٰہِ،مَنِ اتَّبَعَہٗ کَانَ عَلَی الْہُدٰی،وَمَنْ تَرَکَہٗ کَانَ عَلٰی الضَّلَالَۃِ)) (صحیح مسلم،کتاب فضائل الصحابہ:۶۲۲۵) ’’آگاہ رہو! میں تمھارے درمیان دو اہم چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں،ان میں سے ایک اللہ کی کتاب ہے،جو اللہ کی رسی ہے۔جو اس کی پیروی کرے گا ہدایت پر رہے گا اور جو اسے چھوڑ دے گا وہ گمراہ ہوگا۔‘‘ جبکہ مستدرک حاکم میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((اِنِّيْ قَدْ تَرَکْتُ فِیْکُمْ شَیْئَیْنِ لَنْ تَضِلُّوْا بَعْدَہُمَا:کِتَابَ اللّٰہِ وَسُنَّتِي)) (مستدرک الحاکم،صحیح الجامع الصغیر:۲۹۳۷،الصحیحۃ:۱۷۶۱)