کتاب: عظمت قرآن : بزبان قرآن - صفحہ 30
’’تورات کی جگہ مجھے سبع طوال سورتیں دی گئی ہیں،زبور کی جگہ مئین سورتیں دی گئی ہیں،اور انجیل کی جگہ سورہ فاتحہ دی گئی ہے اور مفصل سورتیں(زائد دے کر)مجھے فضیلت عطا کی گئی ہے۔‘‘
تو گویا قرآنِ کریم تورات،انجیل اور زبور سب کا جامع اور ان پر حاوی ہے۔
یہاں یہ بات بھی واضح کردیں کہ قرآن کریم کی سورتوں کو درج ذیل متعدد حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:
سبع طوال سے مراد یہ سات سورتیں ہیں:
سورۃ البقرہ۔سورۃ آل عمران۔سورۃ النساء۔سورۃ المائدہ۔سورۃ الانعام۔سورۃ الاعراف۔سورۃ الانفال۔
مئین سے مراد وہ سورتیں ہیں جن کی آیات کی تعداد سو سے دو سو تک ہے۔ان میں سورہ یونس سے لے کر سورہ شعرآء تک سورتیں شامل ہیں۔
مثانی وہ سورتیں ہیں جن کی آیات سو سے کم ہیں۔ان میں سورۃ النمل سے لے کر سورۃ الحجرات تک کی سورتیں شامل ہیں۔
مفصل سورتوں میں سورہ قٓ سے لے کر سورۃ الناس تک کی تمام سورتیں شامل ہیں۔مفصل سورتیں آیات کے اعتبار سے خواہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہوں،مضامین کے اعتبار سے مکمل ہیں،لہٰذا انھیں مفصل کہا گیا ہے۔
مفصل سورتوں کو مزید تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:
1۔طوال مفصل:سورۂ قٓ سے لیکر سورۃ البروج تک۔
2۔اوساط مفصل:سورۃ الطارق سے سورۃ البینہ تک۔
3۔قصار مفصل:سورۃ الزلزال سے سورۃ الناس تک۔